عائزہ خان مادھوری ڈکشٹ سے ملنے کی خواہش مند

July 13, 2021

پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ عائزہ خان بھی بھارتی اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کی مداح ہیں اور اُن سے ملنے کی خواہش مند ہیں۔

اداکارہ عائزہ خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مادھوری ڈکشٹ کا روپ دھارے اپنی چند تصاویر شیئر کی ہیں، یہ تصاویر عائزہ کے نئے پراجیکٹ ’لاپتا‘ کے سیٹ سے لی گئی ہیں جس کے لیے انہوں نے اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کے ایک مشہور گانے ’ایک دو تین‘ سے ان کا مشابہہ روپ دھارا ہے۔

اس کے علاوہ عائزہ خان نے مادھوری ڈکشٹ کی اصلی تصویر بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔

انہوں نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں جیسے ہی مادھوری ڈکشٹ کا نام سنتی ہوں تو میرے دماغ میں فوراََ آتا ہے، (ایک دو تین ) اور (دیو بابو)۔‘

انہوں نے مادھوری کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’جب آپ ان کی طرف دیکھتے ہیں تو آپ کو لگتا ہے کہ دل تو پاگل ہے۔‘

عائزہ نے پرانی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اوہ کتنا دلچسپ وقت تھا، ہمیں مادھوری ڈکشٹ کو دیکھنے اور ساتھ مل کر ڈانس کرنے کا موقع ملا۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’کتنی حیرت انگیز ڈانسر اور کیا حیرت انگیز اداکارہ ہیں جو کہ آنکھوں میں صرف آنسوؤں سے آپ کا دل ہلا سکتی ہیں۔‘


عائزہ خان نے مادھوری سے ملنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’ان کے جیسے کپڑے پہننے کا اہل بننا ایک خواب تھا، میری خواہش ہے کہ میں ان سے ملاقات کروں اور انہیں بتاؤں کہ وہ کتنی خوبصورت ہیں، اور وہ میرے پورے کیریئر میں میرے لیے اتنی بڑی مثال کیسے رہیں۔‘

واضح رہے کہ عائزہ خان آج کل شہرت کی بلندیوں پر ہیں اور اپنے سُپر ہٹ ڈراموں اور حسین فوٹو شوٹ کے ذریعے مداحوں کی آنکھوں کا تارا اور دلوں کی دھڑکن بنی ہوئی ہیں۔

عائزہ خان کو پاکستان شوبز انڈسٹری میں ایک خاص مقام حاصل ہے اور مداحوں کی جانب سے عائزہ خان کو ایک سلجھی ہوئی، خوبصورت، باوقار اور سنجیدہ اداکارہ قرار دیا جاتا ہے۔