سابق سیکریٹری خزانہ بلوچستان نے کرپشن کا اعتراف کرلیا

May 08, 2016

سابق سیکریٹری خزانہ بلوچستان نے کرپشن کا اعتراف کرلیا، مشتاق رئیسانی نے دوران تفتیش بتایا کہ گھر سے ملنے والے 65کروڑ روپے قومی خزانے سے لوٹے گئے ، کرپشن میں میں ملوث دیگر ملزمان اور سہولت کاروں کے نام بھی اگل دیئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق بلوچستان میں میگاکرپشن کےاسکینڈل میں سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی نےکرپشن میں ملوث اورمدد کرنےوالےچند افسروں کےنام بھی بتائے ہیں۔

گرفتاری اور اعترافات کےبعد اس کیس میں مزید تحقیقات کادائرہ وسیع کردیاگیاہے۔ نیب بلوچستان کے ذرائع کے مطابق نیب نے کرپشن کےاسکینڈل میں ملوث مزید سہولت کارملزمان کی تلاش بھی شروع کردی ہے ۔

نیب ذرائع کے مطابق اس حوالے سے سہولت کاروں کی تلاش اورگرفتاری کےلئےکارروائی جاری ہے،ان میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کےاہلکارشامل ہیں۔

نیب ذرائع کاکہنا ہے کہ تحقیقات کےسلسلے میں کوئٹہ اورمچھ کےبینکوں سےٹرانزیکشن کامتعلقہ ریکارڈحاصل کرلیاگیا، اس ریکارڈ کی چھان بین جاری ہے، آئندہ ہفتےکےدوران چند مزید اہم گرفتاریاں متوقع ہیں۔

دو روز قبل مشتاق رئیسانی کےسرکاری گھر سے65کروڑسےزائد رقم برآمد ہوئی تھی۔