روس نے پاکستان سے تعلقات بڑھانے کیلئے سفارتکاری تیز کردی

July 21, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) روس نے پاکستان سے تعلقات میں تین دہائیوں کی سرد مہری کے بعد اسلام آباد کیساتھ سفارتکاری تیز کردی ہے ، ماسکو حکومت 2.5ارب ڈالر کی مالیت سے تعمیر ہونے والی گیس پائپ لائن کے ذریعے سے پاکستان کیساتھ تعلقات بڑھانے کی کوششیں کررہا ہے جبکہ اسی دوران روس نے اسلام آباد کیلئے دہشتگردی کیخلاف حمایت میں اضافے کی پیشکش بھی کی ہے ۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مغرب سے کاروباری روابط میں کمی کے بعد روس توانائی کی نئی مارکیٹ کی تلاش میں ہے جبکہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے بعد امریکا نے بھارت سے تعلقات مزید مضبوط کرلئے ہیں اسی لئے پیوٹن حکومت خطے میں اپنا اثر روسوخ بڑھانے کیلئے بھی کوششاں ہے۔ 15جولائی کو روسی وفد نے اسلام آباد میں پاک اسٹریم گیس پائپ پائن معاہدے کی شرائط پر دستخط کئے ۔ 1100کلو میٹر طویل پائپ لائن کے اس معاہدے کی تکمیل سے پاکستان کو موجودہ یومیہ 1.2ارب کیوبک فٹ گیس کی فراہمی دگنی ہوجائیگی ۔ فی الحال پاکستان کراچی اور پنجاب کے گیس ٹرمینلز سے گیس حاصل کررہا ہے ۔ روس کیساتھ گیس پائپ لائن کی تعمیر کا معاہدہ 2023تک مکمل ہونے کا امکان ہے ۔