اقرا یاسر کے بیٹے کو پھوپھو نے تحفے میں کیا دیا؟

July 29, 2021

حال ہی میں ننھے سے کبیر حسین کو دُنیا میں خوش آمدید کہنے والی شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑی اقرا عزیز اور یاسر حسین کے بیٹے کو پھوپھو نے تحفے میں سونے کی انگوٹھی دے دی۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر یاسر حسین نے ایک خوبصورت تصویر شیئر کی ہے جس میں اُنہوں نے اپنے بیٹے کبیر حسین کا ننھا سا ہاتھ تھاما ہوا ہے۔


تصویر میں اقرا اور یاسر کے بیٹے کے ہاتھ میں سونے کی انگوٹھی دیکھی جاسکتی ہے۔

یاسر حسین نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں بتایا کہ ’کبیر حسین کو اُن کی پھوپھو کی طرف سے تحفے میں سونے کی انگوٹھی دی گئی ہے۔‘

اُنہوں نے ناقدین کی تنقید کا پہلے ہی جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’کبیر کی اس تصویر میں دو چیزیں بہت غلط ہیں، پہلی چیز سونا، جو کہ مرد پر حرام ہے اور دوسری چیز کبیر نے گلابی رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے ہیں۔‘

اداکار نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’اس سے پہلے کہ آپ ان چیزوں پر تنقید کریں تو میں خود ہی فخر سے پاکستانی سوشل میڈیا صارف بن جاتا ہوں۔‘

واضح رہے کہ اقرا عزیز اور یاسر حسین کے ہاں گزشتہ دنوں ہی بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے جس کا نام اُنہوں نے کبیر حسین رکھا ہے۔

بیٹے کی پیدائش کی اطلاع یاسر حسین نے اپنے انسٹاگرام پیغام کے ذریعے دی۔

یاسر حسین نے انسٹاگرام پر اپنے نومولود بیٹے کے ننھے سے ہاتھوں کی خوبصورت تصویر شیئر کی۔

اداکار نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’الحمداللّہ! اللّہ کے حکم سے ہم کبیر حسین کو خوش آمدید کہتے ہیں۔‘

خیال رہے کہ اقرا عزیز اور یاسر حسین سال 2019 میں ایک پُروقار تقریب میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔