کشمیر مارچ کی کامیابی کیلئے ویسٹ میڈ لینڈ کے شہروں میں میٹنگز

August 02, 2021

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی)15اگست کو برمنگھم میں منعقد ہونے والے کشمیر مارچ کو کامیاب کرنے کے لیے ویسٹ مڈلینڈ کے شہروں ڈربی ، ناٹنگھم اور برٹن آن ٹرینٹ میں مہم کیلئے میٹنگز منعقد کی گئیں جس میں راجہ فہیم کیانی صدر تحریک کشمیر برطانیہ ، مولانا فضل احمد قادری سرپرست اعلیٰ کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی اور خواجہ محمد سلیمان مرکزی رہنما تحریک کشمیر برطانیہ نے شرکت کی ۔ ناٹنگھم میں جموں و کشمیر اوورسیز کونسل نے میٹنگ منعقد کی جس کی صدارت راجہ عجائب نے کی ۔ڈربی میں نزیر احمد چیئرمین ڈربی مسجد اور یحییٰ اختر ڈائریکٹر تحریک کشمیر انفارمیشن سیل نےمیٹنگ منعقد کی۔ برٹن آن ٹرینٹ میں خواجہ محمد سلیمان اور حاجی رفاقت نے میٹنگ منعقد کی ۔ راجہ فہیم کیانی صدر تحریک کشمیر برطانیہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت 15 اگست کو یوم آزادی منائے گا ،اس موقع پر برٹش کشمیری اور دیگر کمیونٹیز کے لوگ ہزاروں کی تعداد میں کشمیر مارچ میں شریک ہوکر دنیا کو یہ پیغام دیں کہ بھارت کی نام نہاد جمہوریت نے کشمیر پر ناجائز فوجی قبضہ کرکے نہتےکشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے ۔مودی کی قاتل فوج لاکھوں کشمیریوں کا قتل اور ہزاروں عورتوں کا ریپ کر چکی ہے ۔ مفتی فضل احمد قادری نے اپنے خیالات کااظہار کرتےہوئے کہا بھارت زیادہ دیر تک کشمیر پر قبضہ قائم نہیں رکھ سکتا، بھارت کی دس لاکھ فوج کا ظلم و ستم کشمیریوں میں آزادی کی تمنا کو مٹا نہیں سکا۔ خواجہ محمد سلیمان نے کہا 15 اگست کو کشمیر مارچ برمنگھم میں بڑی تعداد میں لوگ شرکت کریں گے،اس پرامن کشمیر مارچ کا آغاز دو بجے دن برمنگھم کونسل ہائوس سے ہوگا اور اختتام انڈین قونصلیٹ برمنگھم پر ہوگا۔ ناٹنگھم ، ڈربی اور برٹن آن ٹرینٹ کے کشمیری اور پاکستان کمیونٹی رنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ان شہروں سے بڑی تعداد میں شریک ہوں گے اور بھارت کے ظالمانہ چہرے کو بے نقاب کریں گے۔