سارہ چوہدری سے شادی نہ ہونے پر افسوس نہیں: سمیع خان

August 02, 2021

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار سمیع خان نے کہا ہے کہ اُنہیں سابقہ اداکارہ سارہ چوہدری کے ساتھ شادی نہ ہونے پر کوئی افسوس نہیں ہے۔

حال ہی میں سمیع خان اپنی ساتھی اداکارہ کنزیٰ ہاشمی کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطورِ مہمان شریک ہوئے جہاں اُنہوں نے اپنے کیرئیر اور اپنی نجی زندگی کے حوالے سے گفتگو کی۔

گفتگو کے دوران پروگرام کے میزبان نے اداکار سمیع خان سے سوال کیا کہ ’ماضی میں ایک وقت ایسا بھی آیا تھا کہ جب آپ سارہ چوہدری کے ساتھ شادی کرنا چاہتے تھے جوکہ نہیں ہوسکی، کیا آپ کو اس بات کا افسوس ہے؟‘

میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سمیع خان نے کہا کہ ’نہیں! مجھے اس بات کا کوئی افسوس نہیں ہے کیونکہ میرا ماننا یہ ہے کہ جو ہوتا ہے وہ ہماری بہتری کے لیے ہی ہوتا ہے لہٰذا مجھے کوئی دُکھ نہیں۔‘

واضح رہے کہ ماضی میں سمیع خان اور سابقہ اداکارہ سارہ چوہدری کی گہری دوستی اور منگنی کی خبریں سامنے آئی تھیں تاہم دونوں نے شادی کرنے کے بجائے ایک دوسرے سے راہیں جُدا کرلی تھیں۔

دوسری جانب سارہ چوہدری ماضی میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ تھیں اور پھر انہوں نے اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ جیو انٹرٹینمنٹ پر اُن کا مقبول ترین ڈراما ’تیرے پہلو میں‘ تھا۔