• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابقہ اداکارہ سارہ چوہدری میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے لگیں

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ سارہ چوہدری نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اُنہیں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہورہی ہیں۔

دائرہ اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے مکمل طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ اداکارہ سارہ چوہدری نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اسٹوری میں خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

سارہ چوہدری نے اپنی انسٹا اسٹوری میں کہا کہ ’میرے شوہر کو کورونا وائرس کی چند علامات ظاہر ہوئی تھی جس کے بعد اُنہوں نے اپنا ٹیسٹ کروایا جس کے نتائج مثبت آئے۔‘

سابقہ اداکارہ نے کہا کہ ’الحمداللّہ اب میرے شوہر کی طبیعت کافی بہتر ہے اور ایک یا دو دن بعد اُن کا دوبارہ کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔‘

اُنہوں نے صارفین سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’براہِ کرم ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں کیونکہ مجھے بھی کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہورہی ہیں۔‘

سارہ چوہدری نے مزید کہا کہ ’اللّہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے، آمین۔‘

شوبز انڈسٹری کے متعدد فنکار کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں اداکارہ روبینہ اشرف، ماہرہ خان، صنم جنگ، گلوکار جواد احمد، بہروز سبزواری، عثمان مختار، علی رحمٰن خان، ندا یاسر، ماڈل علیزے گبول، صحیفہ جبار، امیر گیلانی، مریم نفیس اور واسع چوہدری سمیت دیگر بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سارہ چوہدری ماضی میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ تھیں اور پھر انہوں نے اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ جیو انٹرٹینمنٹ پر اُن کا مقبول ترین ڈراما ’تیرے پہلو میں‘ تھا۔

تازہ ترین