کراچی میں موبائل ویکسینیشن وین کا افتتاح

August 02, 2021


ترجمان حکومتِ سندھ مرتضیٰ وہاب کی جانب سے موبائل ویکسینیشن وین کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔

بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یکم اگست کو سندھ میں 2 لاکھ 11ہزار افراد نے ویکسینیشن کرائی، لوگ کورونا وائرس سے بچاو کے لیے ویکسینیشن کرانے کے قائل ہو رہے ہیں،موبائل ویکسینیشن سے شہریوں کو مزید آسانی ہوگی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ایکسپو سینٹر کے بعد 11 مختلف سینٹر 24 گھنٹے ویکسینیشن کر رہے ہیں، دو اگست کا ہدف سوا 2 لاکھ افراد کی ویکسینیشن کا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹاسک فورس کو ڈاکٹرز نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ 87 فیصد افراد کی ویکسینیشن نہیں ہوئی ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کی مشاورت سے لاک ڈاون کا فیصلہ کیا گیا۔