ووٹر لسٹ ردوبدل اور بلاکس کوڈ منتقلی کیخلاف رٹ پر حکم امتناع

August 04, 2021

پشاور(نمائندہ جنگ) پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس وقار احمد نے ووٹر لسٹ میں ردوبدل کرنے اور بلاکس کوڈ منتقل کرنے کے خلاف دائر رٹ پر حکم امتناع جاری کردیا ہے اور فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے ۔ فاضل بنچ نے گزشتہ روز ملک سیف اللہ کی جانب سے عامر علی خان ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر رٹ کی سماعت کی ۔ رٹ میں پٹیشنر نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ سواتی پھاٹک کے مستقل رہائشی ہے۔صوبائی الیکشن کمشنر نے delimitation آرڈر جاری کیا ہے جس میں الیکشن کمشنر نے غیر قانونی طور پر سواتی پھاٹک (چارہانہ-1) میں تین بلاکس کوڈ لنڈی ارباب-1سے منتقل کرنے کا آرڈر جاری کر دیا تھا جو کہ غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام ہے لہذا عدالت رٹ فیصلہ ہونے تک مذکورہ delimitationآرڈر پر عمل در آمد روک دیں۔ عدالت نے رٹ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے اقدام پر حکم امتناعی جاری کردی اور فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے اگلی پیشی پر جواب طلب کر لیا ہے ۔