سویڈن کی سیاسی جماعت پارٹیت نیانس کی الیکشن کیلئے اشتہاری مہم

August 05, 2021

سٹاکہوم(کاشف عزیز بھٹہ ) سویڈن کے تیسرے بڑے شہر مالمو میں پارٹیت نیانس کے رہنماؤں کی جانب سے پارٹی کے منشور کو عام عوام تک پہنچانے کے لئے مہم چلائی گئی،پارٹی کے سربراہ میکائل یوکسیل، رامی حسین، سیعاد ، حسن خان اور زبیر حسین اس موقع پر موجود تھے، انہوں نے مالمو شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور عوام کو پارٹی کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی کے سربراہ میکائل یوکسیل کا کہنا تھا کہ پارٹیت نیانس اقلیتوں کی نمائندہ جماعت ہے جو تمام مذاہب کے لئے یکساں ہے اور پارٹی کا منشور بھی اس حوالے سے واضح ہے کہ سویڈن میں رہائش پذیر ہر شخص پارٹیت نیانس میں شمولیت اختیار کرسکتا ہے اور اپنے حق کے لئے آواز بلند کرسکتا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ سویڈن کے پارلیمان تک رسائی کے لئے چند ہزار ووٹ درکار ہیں اور انشاللہ ہماری پارٹی آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے کرنا صرف پارلیمان بلکہ شہری اور صوبائی سطح پر واضح اکثریت حاصل کرسکتی ہے، پاکستان نژاد سویڈش سیاسی رہنما حسن خان نے پاکستانی کمیونٹی کے لئے خصوص پیغام بھی ریکارڈ کروایا۔ واضح رہے کہ پارٹیت نیانس سویڈن کی ایک نئی سیاسی جماعت ہے لیکن بہت کم عرصہ میں پارٹی نے سویڈن بھر میں مقبولیت حاصل کرلی ہے، پارٹیت نیانس سویڈن کی ایسی واحد سیاسی جماعت ہے جو فلسطین اور کشمیر کے مسائل کے لئے بھرپور آواز اٹھانے کا عزم رکھتی ہے۔زبیر حسین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یورپ بھر میں جہاں نسل پرستی سر اٹھا رہی ہے وہاں ہمیں پارٹیت نیانس طرز کی سیاسی پارٹیوں کا ساتھ دینے کی اشد ضرورت ہے، نہ صرف یورپ بلکہ دنیا بھر میں اس وقت مسلم اقلیتوں کو امتیازی سلوک کا سامنا ہے وجہ فقط اتنی ہے کہ غیر ملکیوں کی مقامی سیاست میں عدم دلچسپی ہونے کی وجہ سے حقوق حاصل کرنے کے لئے آواز بلند نہیں ہو پاتی، ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے اب مقامی سیاست میں حصہ لینے کا رجحان بڑھ رہا ہے جو کہ یقینی طور پر ایک مثبت عمل ہے ۔