چھوٹی کشتیوں میں 284 مائیگرنٹس چینل عبور کر کے برطانیہ پہنچ گئے

August 05, 2021

لندن (پی اے) آٹھ چھوٹی کشتیوں میں 284 مائیگرنٹس چینل عبور کر کے منگل کو برطانیہ پہنچ گئے۔ بارڈر فورس کے حکام نے چینل عبور کرنے کی کوشش کرنے والے ان افراد کو پکڑ لیاجبکہ فرنچ حکام نے بھی کراسنگ کی ایک کوشش کو روکا، اس کشتی میں 20 مائیگرنٹس سوار تھے۔ سال رواں میں اب تک 9700 مائیگرنٹس ڈنگیز میں سوار ہو کر برطانیہ پہنچے ہیں۔ ہوم آفس نے ان کراسنگز کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ برطانیہ میں رہنے کا قانونی حق نہیں رکھتے، انہیں ان کے گھروں کو واپس بھیج دیا جائے گا۔ کلینڈیسٹائن چینل تھریٹ کمانڈر ڈان اور ماہونی نے کہا کہ یورپ بھر میں چھوٹی کشتیوں کے ذریعے غیر قانونی مائیگریشن میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فرانس کے ساتھ فرانسیسی ساحلوں اور انٹیلی جنس شیئرنگ میں اضافے کو مستحکم کرنے کیلئے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نیشنلٹی اینڈ بارڈرز بل کے ذریعے غیرقانونی امیگریشن کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے جو غیرقانونی کراسنگ کے چکر کو توڑے گا اور اس سے زندگیوں کا بھی تحفظ ہو سکے گا۔