امریکا: کورونا ویکسین کے بوسٹر شاٹ کی جلد منظوری متوقع

August 07, 2021


امریکا میں کورونا وائرس کے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ سے تحفظ کے لیے امریکیوں کو بوسٹر شاٹ یا اضافی ویکسین ڈوز لگانے کی منظوری ملنے کا جلد امکان ہے۔

امریکی محکمۂ صحت کے حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈیلٹا ویرینٹ سے تحفظ کے لیے کم قوتِ مدافعت والے امریکیوں کو بوسٹر شاٹ لگایا جا سکتا ہے۔

امریکی محکمۂ صحت کے حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین کے بوسٹر شاٹ لگائے جانے کی منظوری دنوں یا ہفتوں میں متوقع ہے۔

اس سے قبل 3 ممالک اسرائیل، جرمنی اور فرانس میں پہلے ہی شہریوں کو بوسٹر ڈوزز لگائی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے کورونا ویکسین کے بوسٹر ڈوزز روکنے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔

عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈروس اڈہانوم نے ماہ ستمبر کے اختتام تک کووڈ 19 ویکسین کے بوسٹرز لگانے کو روکنے کے لیے کہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ہر ملک کی 10 فیصد آبادی کی ویکسین مکمل کروانے کو ممکن بنانا ہے۔

بوسٹر ڈوزز روک کر امیر اور غریب ممالک میں ویکسین کی تقسیم میں عدم مساوات دور کرنا ہے۔