کشمیری ٹیلنٹ کے سامنے آنے سے پاکستان کو فائدہ ہوگا، کرکٹر عمران خان

August 09, 2021

کشمیر پریمئیر لیگ کی ٹیم کوٹلی لائنز کے فاسٹ بولر عمران خان کا کہنا ہے کہ کے پی ایل کشمیر کے نوجوانوں کے لیے زبردست موقع ہے ، کشمیری ٹیلنٹ سامنے آتا ہے تو اس سے پاکستان کو فائدہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کر کے نوجوان کرکٹرز کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔

فاسٹ بولر عمران خان سینئر نوجوان فاسٹ بولرز کے ساتھ مقابلے سے نہیں گھبراتے، کہتے ہیں ک جب کھیلنا ہے تو مقابلہ تو کرنا پڑتا ہے چاہے وہ سینئر ہو یا جونیئر ، ٹیم کے لیے پرفارم کریں گے تو کھیلیں گے۔

کوٹلی لائنز کے فاسٹ بولر عمران خان نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں اچھی بولنگ ہوئی، اب یہاں کشمیر پریمیئر لیگ میں بھی اچھی بولنگ کی کوشش کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے یارکرز پر بہت محنت کی ہے، سلو ڈیلیوریز پر کام کیا ہے آج ورائٹی کا ہونا بہت ضروری ہے اس محنت کی وجہ سے میں اچھا پرفارم کرنے میں کامیاب ہو رہا ہوں۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ اچھا ٹیلنٹ سامنے آ رہا ہے شاہنواز دھانی اچھا بولر ہے فاسٹ بولرز کے علاوہ بھی اسپنرز اور نوجوان بیٹسمین سامنے آ رہے ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کرکٹ کا ماحول بہت اچھا ہے خوبصورت گراؤنڈ اور موسم ہے، میں بہت انجوائے کر رہا ہوں۔