کراچی کے ساحل پر بیچ ٹیک بال چمپئن شپ منعقد ہوگی

August 10, 2021

سندھ ٹیک بال ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر اور پاکستان ٹیک بال فیڈریشن کے نائب صدر خالد جمیل شمسی نے کہا ہے کہ رواں سال اکتوبر میں کراچی کے ساحل پر بیچ ٹیک بال چمپئن شپ کا انعقاد کیا جائیگا جس میں صوبہ سندھ کے تمام اضلاع کے کھلاڑی حصہ لیں گے یہ چمپئن شپ ہنگری کے سفارت خانے کے تعاون سے منعقد کیا جائیگا خالد جمیل شمسی نے بتا یا کہ ٹیک بال کھیل جسے دنیا کے ممتاز فٹ بالر رونالڈینوکی سرپرستی حاصل ہے اور وہ اس کھیل کو دنیا میں مقبول بنا نے کے لئے اس کھیل کے سفیر بھی مقرر ہوئے ہیں وہ جلد ہی پاکستان کا بھی دورہ کرینگے۔

خالد جمیل شمسی نے کہاکہ پاکستان میں یہ کھیل تیزی کے ساتھ مقبول ہورہا ہے اس اس حوالے سے سندھ میں اس کی باقاعدہ ایسوسی ایشن کا قیا م بھی عمل میں آگیا ہے جس کے سیکریٹری حق نواز ہیں اور وہ عاشورہ محرم الحرام کے بعد سندھ کے تمام اضلاع کا دورہ کرینگے اور ہر ڈویژن اور ضلعے میں ٹیک بال ایسوسی ایشن تشکیل دی جائیگی۔

خالد جمیل شمسی نے کہا کہ خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے میاں ابصار علی جو کہ فیڈریشن کے صدر ہیں جلد ہی کراچی آئیں گے اور کراچی میں ٹیک بال کھیل اس کے قوانین،دنیا میں اس کا مقام اور پاکستان میں اس کھیل کے مستقبل کے بارے میں تفصیلی اظہار خیال کرینگے۔

خالد جمیل شمسی نے سندھ کے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹیک بال کھیل پر بھر پور توجہ دیں میں وعدہ کرتا ہوں کہ میں اس کھیل کو سندھ میں مقبول ترین کھیل بنا نے میں دامے،درمے،سخنے اپنا کردار ادا کرونگا،انہوں نے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ کھیل کی پذیرائی میں ٹیک بال فیڈریشن اور صوبائی ایسوسی ایشن کی سرپرستی کریں۔ ( نصر اقبال)