کیا عائشہ عمر نئی فلم میں ’100 بچوں کے قاتل‘ کے ساتھ نظر آئیں گی؟

August 11, 2021

پاکستانی اداکارہ و ماڈل عائشہ عمر 100 بچوں کے قاتل جاوید اقبال پر بنائی جانے والی فلم میں کام کرتی دکھائی دیں گی۔

سوشل میڈیا پر زیر گردش خبروں کے مطابق عائشہ عمر یاسر حسین کے ساتھ اس فلم میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔

عائشہ عمر فلم میں اس پولیس افسر کا کردار نبھائیں گی جس نے اس کیس کی تحقیقات کی تھیں، تاہم فلم میں یاسر حسین کا کیا کردار ہوگا اس حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

فلم کے نام کے بارے میں یہ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ اس کا نام ممکنہ طور پر ’جاوید اقبال: ایک سلسلہ وار قاتل کی ان کہی کہانی‘ ہوگا۔

بتایا جارہا ہے کہ فلم کی کہانی اور اسکرپٹ ترتیب دے دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ قاتل جاوید اقبال نے 1998 اور 1999 میں تقریباً 100 بچوں کو جنسی طور پر ہراساں کرکے نہ صرف قتل کیا بلکہ اس نے اپنے خلاف ثبوتوں کو مٹانے کے لیے ان بچوں کی لاشیں تیزاب میں ڈال کر تلف کردی تھیں۔