گھر پینٹ کرنا ہوا آسان

August 14, 2021

لوگ چاہے کچھ بھی کہیں لیکن حقیقت یہی ہے کہ گھر کو نیا پینٹ کرنا اتنا بھی مشکل نہیں اور اگر آپ چاہیںتو کسی ماہر کی خدمات لیے بغیر اپنے گھر کا نیا پینٹ خود بھی کرسکتے ہیں۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر واقعی ایسا ہی ہے تو پھر پروفیشنل پینٹرز کیوں ہوتے ہیں اور پروفیشنل پینٹرز کا کام بہتر کیوںہوتا ہے؟

اس کی وجہ یہ ہے کہ رنگ و روغن کے ماہر جانتے ہیں کہ ایک مخصوص جگہ پر کون سا رنگ بہتر جچے گا اور انھیں یہ بھی پتہ ہوتا ہے کہ ہر رنگ کے لیے پینٹ کی کون سی چمک زیادہ موزوںرہے گی۔ بلاشبہ، وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ رنگ کے لیے دیوار کو کس طرح تیار کرنا ہے اور کس طرح ماہرانہ انداز میںرنگ و روغن کرنا ہے۔ آپ کی آسانی اور رہنمائی کے لیے ہم نے ذیل میں ان تمام سوالوں کے جواب تلاش کرنے کی کوشش کی ہے، جنھیں پڑھنے کے بعد آپ بھی کسی ماہر کی طرح اپنے گھر کو پینٹ کرسکتے ہیں۔

رنگ کا انتخاب

بلاشبہ، گھر پینٹ کرنے سے قبل سب سے مشکل ترین مرحلہ، رنگ کا انتخاب کرنا ہے۔ ایسے میں سب سے اہم یہ ہے کہ آپ ایسے رنگ کا انتخاب کریں جو آپ کے ذوق کے مطابق ہو اور جس میں آپ خوشی محسوس کریں۔

٭ اگر آپ اس چیز کا علم نہیں رکھتے کہ کس رنگ کا انتخاب کرنا چاہیے تو کمرے میں موجود کسی آرٹ کے نمونے یا قالین سے کوئی رنگ اُٹھائیں ۔ اس طرح رنگ کا انتخاب یقیناً کمرے میں ہر کمی کو پورا کردے گا۔

٭ مختلف رنگوںکے ٹکڑے بنائیں اور گھر لے جائیں اور دیکھیں کہ ان میں سے ہر رنگ کمرے میں کیسا دِکھے گا۔ ان منتخب رنگوںکو فرنیچر، فلور، آرٹ ورک، کبڈوں اور کمرے میں موجود ہر چیز کے ساتھ رکھ کر دیکھیں۔ اس کے بعد اپنے انتخاب کو سب سے بہتر تین یا چار رنگوںتک محدود کریں۔

٭ منتخب کردہ تین یا چار محدود رنگوں کے چھوٹے ’نمونے‘ والے ڈبے خرید کر گھر لے آئیں اور دیوار کے بڑے حصوں کو ان رنگوں سے رنگ دیں۔ کوشش کریں کہ ہر رنگ کی شین(Sheen) یا فِنش (Finish)ایک جیسی ہو، کیونکہ ایک جیسی چمک سے آپ کو اندازہ ہوگا کہ وہ رنگ روشنی میں کیسا دِکھے گا۔

٭ اب آپ اس بات کا جائزہ لیں کہ جب پورے دن سورج اپنی جگہ بدلتا ہے تو اس کا کمرے کے رنگوں پر کیا اثر پڑتا ہے۔ ساتھ ہی ان رنگوں کی خوبصورتی اور موزونیت کا مصنوعی روشنی میں بھی جائزہ لیں۔

ایک سے زائد رنگ

اگر آپ کمرے میں ایک سے زائد رنگ استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو آپ کو چند چیزوں کو ذہن میںرکھنا ہوگا:

٭ اگر آپ کے کمرے میں لکڑی کا حاشیہ ہے اورآپ دیوار پر حاشیے کے بالائی اور نچلے حصوںکو مختلف رنگ کرنا چاہتے ہیں تو پھر بالائی حصے میں ہلکے اور نچلے حصے میں گہرے رنگ کا استعمال کرنا بہتر رہے گا۔

٭ حاشیے کی لکڑی کو نمایاں کرنے کے لیے اس پر دیوار کے رنگوں کے مقابلے میں ایک درجہ ہلکا یا گہرا رنگ کریں۔ چھت کے لیے بھی اسی اصول کو اختیار کریں۔ چھت میں ایک درجہ گہرے رنگ کا استعمال آرام کا احساس پید اکرے گا جبکہ ایک درجہ ہلکا رنگ کمرے کے بڑا ہونے کا احساس دے گا۔

فِنش کی اہمیت

ایک بار جب آپ رنگ اور ڈیزائن کا انتخاب کرلیں تو اس کے بعد آپ کو رنگ کے فِنش کا انتخاب کرنا ہوگا۔

ہموار: ہموار رنگ و روغن کی کیٹیگری میں میٹ فِنش شامل ہے اور یہ دیکھنے میں خشک اور چونے کی طرح معلوم ہوتا ہے۔ اس طرح کا رنگ و روغن دیوار کے عیب چھپا دیتا ہے اور اسے دیکھ کر نرمی کا احساس ہوتا ہے۔ تاہم، یہ رنگ و روغن دھونے کے لیے موزوں نہیں ہے، اس لیے اسے ایسی جگہ استعمال کیا جائے، جہاں لوگوں کی آمدورفت بہت کم ہو، جیسے چھت۔

چمکدار اور انڈے کے خول نما: اس طرحکا رنگ و روغن دیواروں پر استعمال کرنے کے لیے انتہائی موزوں سمجھا جاتا ہے، کیونکہ ان میں ایک چمک ہوتی ہے اور ایسی دیواروں کو صاف کرنا آسان ہوتاہے۔ ایسے رنگ و روغن، سیمی گلاس اور گلاس پینٹ کے مقابلے میں سوفٹ نظر آتے ہیں۔

سیمی گلاس اور گلاس پینٹ: سیمی گلاس اور گلاس، دونوں طرح کے رنگ و روغن پلاسٹک کی طرح انتہائی چمکیلے ہوتے ہیں، جس کے باعث ان پر عکس پیدا ہوتا ہے اور ایسی دیواریں دھونے میں بھی بہت آسان ہوتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس نوعیت کے رنگ و روغن لکڑی کے حاشیے اور زیادہ استعمال میں آنے والی جگہوںجیسے باورچی خانے کے کبڈوں کے لیے انتہائی موزوںرہتے ہیں۔

پینٹ کی مقدار

پینٹ کی مقدار کا تعین کرنے کے لیے ایک عام اصول یہ ہے کہ 400مربع فٹ دیوار کے رقبہ کے لیے پینٹ کا ایک گیلن کافی ہوتا ہے۔ تاہم، آپ کو کم از کم دو تہوں میں رنگ کرنا چاہیے، اس کا مطلب یہ ہوا کہ 400مربع فٹ دیوار کے لیے مجموعی طور پر دو گیلن پینٹ درکار ہوگا۔

غیرمنقولہ چیزوں کو محفوظ کرنا

رنگ و روغن کرنے سے پہلے، وہ چیزیں جن کو آپ کمرے سے باہر لے جاسکتے ہیں، انھیں کسی اور جگہ محفوظ کرلیں، جبکہ کمرے کی غیرمنقولہ چیزیں جیسے کھڑکیوں، دروازوں، حاشیوں وغیرہ پر ٹیپ یا کپڑا چڑھا دیں۔ اس طرح آپ غیرمنقولہ چیزوں کے ساتھ پینٹ کی سیدھی اور صاف لائنوں کو یقینی بنانے کے علاوہ ، ان چیزوں کو بھی رنگ چڑھانے سے محفوظرکھیں گے۔

اوپر سے نیچے پینٹ کریں

ہمیشہ کمرے کی بلند ترین جگہ سے رنگ کا آغاز کریں اور بتدریج نیچے کی طرف جائیں۔ چھت سے شروع کریںیا دیوار کے بالائی حصے سے زیریں حصے کی طرف پینٹ کرتے چلے آئیں۔اس طرح پینٹ کے ٹپکتے قطرے دیوار پر بلبلے نہیں بنائیں گے۔

پتلی تہہ بنائیں

رنگ کرنے والے ناتجربہ کار لوگ برش یا رولر کو پینٹ میں بہت زیادہ ڈبو دیتے ہیں۔ حالانکہ برش یا رولر پر کم مقدار میں پینٹ لگاکر رنگ کی بڑی، مساوی اور پتلی تہہ بناتے چلے جانا زیادہ بہتر نتائج دیتا ہے۔ ایک ہی موٹی تہہ میں پینٹ کرنے کے مقابلے میں دو یا تین بار پتلی تہوں میں پینٹ کرنے کے نتائج زیادہ بہتر آتے ہیں۔

حاشیے آخر میں پینٹ کریں

حاشیوں کو رولر کے بجائے برش سے پینٹ کیا جاتا ہے، اس لیے یہ کام سب سے آخر میں کرنے کے لیے رکھ چھوڑیں۔ برش سے چھوٹی سی جگہ جیسے حاشیے کو جب تھوڑی سی اضافی احتیاط کے ساتھ پینٹ کیا جاتا ہے تو اس سےدیوار کے دیگر حصے خراب نہیں ہوتے۔