مینارِ پاکستان واقعہ ہر پاکستانی کیلئے باعثِ شرم ہے، بلاول بھٹو

August 18, 2021


پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مینار پاکستان پر مجمع کا نوجوان لڑکی سے دست درازی اور زدوکوب کرنا ہر پاکستانی کیلئے باعثِ شرم ہے۔

انہوں نے مینارِ پاکستان واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مینارِ پاکستان واقعہ ہمارے سماج کی پستی کو بیان کرتا ہے۔

بلاول بھٹو نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ مینارِ پاکستان واقعے کے ذمہ داروں سے انصاف ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین خود کو غیرمحفوظ سمجھ رہی ہیں، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کےتحفظ اور مساوی حقوق کو یقینی بنائیں۔

واضح رہے کہ لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں یومِ آزادی کے موقع پر خاتون ٹک ٹاکر سے دست درازی کا خوفناک واقعہ3روز بعد سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آیا۔

سیکڑوں نوجوانوں نے ٹک ٹاکر عائشہ اکرم اور اس کے ساتھیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور کپڑے پھاڑ دیے جبکہ پولیس واقعہ سے بے خبر رہی۔

خاتون کی درخواست پر 400 نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔