شوہر کی گرفتاری کے بعد شلپا شیٹی کا پہلا فوٹو شوٹ

August 22, 2021

شوہر راج کندرا کی گرفتاری کے بعد بھارتی اداکارہ شلپا شیٹی نے اپنے پہلے فوٹو شوٹ کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

شلپا شیٹی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کا رُخ کیا جہاں اُنہوں نے اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ پر اپنے نئے فوٹو شوٹ کی تصویر شیئر کی۔


بالی ووڈ اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اُنہوں نے گلابی پھولوں کے پرنٹ والی خوبصورت ساڑھی زیب تن کی ہوئی ہے اور وہ ان مشکل حالات میں بھی کافی پُراعتماد نظر آرہی ہیں۔

شلپا شیٹی نے اپنی پوسٹ کو ایک معنی خیز کیپشن دیتے ہوئے لکھا کہ ’عورت کے عروج سے زیادہ طاقتور کوئی طاقت نہیں ہے۔‘

اداکارہ نے یہ ساڑھی اپنے پروگرام ’ ڈانس شو‘ کے لیے زیب تن کی جہاں وہ جج کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔

شلپا شیٹی نے 18 گھنٹے قبل ہی یہ تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی ہے جس پر اب تک 7 لاکھ سے زائد لائکس آچکے ہیں جبکہ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ ممبئی پولیس کے کرائم برانچ سیل نے غیر اخلاقی فلم بنانے کے الزام میں اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کو گزشتہ ماہ گرفتار کیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ راج کندرا کے خلاف غیر اخلاقی فلم بنانے کا کیس مالانی پولیس اسٹیشن میں 4 فروری 2021 کوانڈین پینل کورٹ کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ اور خواتین کی نامناسب نمائندگی (ممنوعہ) ایکٹ کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا اور وہ اس کیس کے کلیدی کردار ہیں۔