طالبان کی واپسی

August 24, 2021

نائن الیون کے بعد پوری دنیا میں ایک نئے ورلڈ آرڈر کا نفاذ ہوا جس کے تحت امریکہ بہادر اپنے لاؤ لشکر سمیت افغانستان میں براجمان ہو گیا۔تب ملا محمد عمر کی قیادت میں طالبان افغانستان کے اقتدار پر براجمان تھے۔رات کے اندھیرے میں طالبان جب کابل چھوڑ رہے تھے تو کسے معلوم تھا کہ ان کی واپسی اتنے دبنگ انداز میں ہوگی۔بڑی پگڑیوں، لمبی داڑھیوں، اور بڑی بڑی چادریں کندھوں پر لٹکائے طالبان جب کابل سے نکلے تھے تو یوں لگتا تھا جیسے تاریخ کا ایک باب بند ہوگیا ہو۔لیکن مصنوعی نظام کہاں تک چل سکتا ہے۔حامد کرزئی ہویا اشرف غنی افغان عوام کے ساتھ ان کا تعلق نہ ہونے کے برابر تھا۔پھر پاکستان اور پاکستانی افواج کی مدد سے دوحہ مذاکرات کا ڈول ڈالا گیا،باخبر ذرائع کو اس بات کا تو پتہ چل چکا تھا کہ اب طالبان کی واپسی نوشتہ دیوار بن چکی ہے۔لیکن اس انداز میں طالبان کی واپسی ہوگی یہ کسی نے سوچا بھی نہ تھا۔15اگست 2021 کی صبح کچھ ایسے طلوع ہوئی کہ دلی سے لیکر تل ابیب تک اور واشنگٹن سے لیکر لندن تک ہر شخص ششدر رہ گیا۔180ارب ڈالر خرچ کر کے جو افغان فوج کھڑی کی گئی تھی وہ ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔اس سارے معاملے میں پاکستانی مسلح افواج کی حکمت عملی بہت کارگر رہی۔پاکستانی ادارے گزشتہ 20 برسوں سے افغانستان میں بھارتی سرگرمیوں سے غافل نہ تھے۔کلبھوشن بھی بہت سارے راز کھول چکا تھا،بھارتی پشت پناہی سے پاکستان میں شدید دہشت گردی،اور ہزاروں شہادتوں کے باوجود دوحہ مذاکرات کی میز سجانے میں پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا تھا،پاکستانی اداروں کے پیش نظر واحد مقصد پاکستان کی سلامتی تھی۔حالات و واقعات کے تجزیہ کے بعد میں سمجھتا ہوں کہ پاکستانی اداروں نے اپنے پتے نہایت ہوشیاری سے کھیلے۔افغانستان کی سرزمین پر موجود پاکستان دشمن عناصر کو بے اثر کیا۔اور 15 اگست 2021 کو ایسی کاری ضرب لگائی جس کی تلملاہٹ دلی اور تل ابیب میں کئی سال تک محسوس کی جاتی رہے گی۔یہ وہی پاکستان ہے جس کے وزیراعظم کو امریکی صدر فون کرنے کے لئے تیار نہیں تھے لیکن 15اگست 2021 کے بعد امریکا سمیت یورپ کے تمام ممالک کے ہر سطح کے عہدیداران پاکستانی حکام سے رابطہ کرکے افغانستان میں سیاسی عمل پروان چڑھانے کے لئے بات چیت میں مصروف ہیں۔طالبان کی واپسی محض افغانستان میں حکومت کی تبدیلی کا نام نہیں بلکہ یہ سقوطِ دہلی بھی ہے۔جس کا اثر بھارتی میڈیا پر دیکھا جا سکتا ہے۔پینٹاگون ہو یا برطانوی فوج کے سربراہ،نیٹو کے سیکرٹری جنرل ہوں یا نیٹو افواج کے سربراہ،آج یہ سب لوگ افغانستان میں سیاسی استحکام کے لئے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں لیکن ہمیں یہ بات نہیں بھولنی چاہئے کہ افغانستان میں قیام امن کی منزل ابھی بہت دور ہے۔افغانستان میں بھارتی سرمایہ کاری کے ڈوبنے اور بھارتی کردار کے ختم ہوجانے کے بعد بدامنی کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔بھارت اپنی پسپائی کی خفت مٹانے کے لئے بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کر سکتا ہے۔پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں پر پے درپے حملے اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہیں۔طالبان کی واپسی کے اثرات مقبوضہ کشمیر پر بھی ہوسکتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔عالمی برادری کو کابل ایئر پورٹ کے مناظر تو نظر آتے ہیں لیکن کشمیر میں بھارتی مظالم نظر نہیں آتے۔اس سے قطع نظر اب یہ راز نہیں رہا کہ طالبان کی موجودہ واپسی چین اور روس کے عملی تعاون کے ساتھ ممکن ہوئی ہے۔یہی وجہ ہے کہ فی الحال طالبان پھونک پھونک کر قدم رکھ رہے ہیں۔وہ اپنے بیانات سے یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں جیسے یہ پرانے طالبان نہیں۔لیکن ابھی اس پر تبصرہ کرنا قبل از وقت ہے۔طالبان کی واپسی کو طالبان کی فتح سمجھنے والے خوش گمان دوست شاید اس حقیقت سے صرف نظر کر رہے ہیں کہ طالبان کی واپسی کا مطلب امریکہ کی شکست نہیں بلکہ اسکی ترجیحات میں تبدیلی ہے اور یہ بات امریکی محکمہ دفاع اور دفتر خارجہ گزشتہ دو سال سے تسلسل سے کہہ رہے ہیں۔مجھے یوں لگتا ہے جیسے امریکہ نے چین کو افغانستان میں الجھا کر اسکی ترقی کی رفتار سست کرنے کی کوشش کی ہے۔جبکہ بھارت کے ذریعے چین کو سرحدی تنازعات میں بھی الجھایا جا سکتا ہے۔اس لئے طالبان کی واپسی کو ان حقائق کے تناظر میں بھی دیکھنا چاہئے۔پاکستانی سیکورٹی اداروں کی کامیابی کے بعد سیاسی میدان میں حالات اچھے نظر نہیں آ رہے۔وزیر خارجہ کا گزشتہ دنوں نشر ہونے والا ایک انٹرویو بے پناہ عالمی دباؤ کی طرف اشارہ کر رہا ہے لیکن پاکستان کی سیاسی قیادت بری طرح لا تعلقی کا شکار ہے جو کہ اچھا شگون نہیں۔ملک کی تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نے چپ سادھ رکھی ہے۔سیاسی جماعتوں کے اندر سوچ بچار کا عمل نہ ہونے کے سبب فکری بانجھ پن کا عالم دکھائی دے رہا ہے۔صف اول کے سیاسی رہنماؤں کی خاموشی حیران کن ہے۔دراصل بدقسمتی یہ ہے کہ ہمارے سیاسی زعما نے تھنک ٹینک یا کارکنان اور رہنماؤں کیلے لائبریریاں بنانے پر توجہ نہ دی جسکی وجہ سے اہم ترین رہنما علاقہ میں وقوع پزیر ہونے والی تبدیلیوں کا تاریخی پس منظر میں تجزیہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ملک کی حکمران جماعت اس اہلیت سے یکسر محروم ہے کہ وہ کسی بھی بحران سے نبرد آزما ہوسکے۔انکے وزرا کی نااہلی کی داستانیں زبان زد خاص و عام ہیں۔اس وقت ملک ایک بڑے بحران کی طرف جاتا دکھائی دے رہا ہے۔افغانستان میں عدم استحکام کے قدرتی اثرات پاکستان پر مرتب ہوں گے جبکہ ہمارے رنگین مزاج وزیر داخلہ کو نالہ لئی سے آگے کچھ نظر ہی نہیں آرہا۔بھارت جیسے مکروہ عزائم رکھنے والے ہمسایہ کے ہوتے ہوئے ہمیں کسی خوش فہمی کا شکار نہیں رہنا چاہئے۔طالبان کی کامیابی اور اس کے منفی اثرات سے بچنے کے لئے تمام سیاسی قیادت کو سر جوڑ کر بیٹھنے کی ضرورت ہے۔ہماری نظریاتی اساس اقبال اور قائد اعظم کے افکار ہیں۔ افغان طالبان کی اسلام کی تشریح ان نظریات کے برعکس ہے۔ان اثرات کو روکنے،ملک کو دہشت گردی کی نئی لہر سے بچانے کیلئے سیاسی جماعتوں اور قیادت کو سیکورٹی اداروں کی پشت پر کھڑا ہونا پڑے گااور ایک متفقہ بیانیہ جاری کرنا ہوگا ورنہ قوم مزید تقسیم در تقسیم کے عمل کا شکار ہوجائے گی۔