کابل ایئرپورٹ پر دھماکوں میں کم از کم 12 امریکی فوجی ہلاک ہوئے، امریکی حکام

August 26, 2021

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایئرپورٹ پر دھماکوں میں کم از کم 12 امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

کابل ایئرپورٹ کے قریب یکے بعد دیگر دو دھماکوں کے نتیجے میں بچوں اور امریکی فوجیوں سمیت 60 افراد جاں بحق جبکہ 140 افراد زخمی ہوئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کابل ایئرپورٹ کے باہر دھماکے کی پنٹاگون پریس سیکریٹری نے بھی تصدیق کردی۔

عرب میڈیا کی جانب سے بتایا جارہا ہے کہ اس دھماکے میں بچوں اور امریکی فوجیوں سمیت 60 افراد جاں بحق جبکہ 140 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئرپورٹ کی حدود میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، جبکہ دھماکے کے بعد طالبان نے ایئرپورٹ کے اطراف کی سیکیورٹی سخت کردی۔

افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکے کا ہدف کابل ایئرپورٹ کے باہر جمع لوگ تھے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ترجمان پنٹاگون کا کہنا تھا کہ کابل ایئرپورٹ پر دھماکے میں جانی نقصان کے متعلق ابھی واضح نہیں ہیں۔