پی ڈی ایم نے جلسے جلوسوں کی عملی سیاست کا فیصلہ کرلیا

August 31, 2021

اسلام آباد ( تبصرہ طارق بٹ) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اپنی طویل خاموشی اور سُست روی کو توڑ کر فعال کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ڈی ایم نے ایک ایسے وقت متحرک ہونے کا فیصلہ کیا ہے جب افغانستان میں طالبان کے برسراقتدار آنے کے بعد پاکستان کو نازک صورتحال کا سامنا ہے۔ بظاہر لگتا ہے اس اپوزیشن اتحاد کےجلسے اور جلوس شفاف انتخابات کے لئے زور ڈالنے کی غرض سے اسلام آباد کی جانب مارچ پر اختتام پذیر ہوں گے۔ اتوار کو مزار قائد پر پی ڈی ایم کا جلسہ کراچی میں اس اپوزیشن اتحاد کی جانب سے قوت کا مظاہرہ تھا۔ ایک عرصہ بعد حکومت مخالف سیاسی قیادت نے صرف دُھواں دھار بیانات جاری کرنے پر اکتفا کے بجائے عوام سے براہ راست رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ کراچی کے جلسۂ عام میں آئندہ کے کسی پروگرام کا اعلان نہیں کیا گیا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ پی ڈی ایم اب پوری تیاریوں اور ہوم ورک کر کے میدان عمل میں اُترنا چاہتی ہے۔ حکومت کے خلاف احتجاجی مہم کے رُوح رواں معزول وزیراعظم نوازشریف اور جے یو آئی کے رہنما مولانا فضل الرحمٰن ہیں۔