منڈو ڈیرو ٹرین حادثہ، ریلوے ٹریفک ڈاؤن ٹریک سے بحال، جعفر ایکسپریس روانہ

September 02, 2021

کراچی سے کوئلہ لے کر ساہیوال جانے والی ٹرین کی پانچ بوگیاں پنوں عاقل کے قریب پٹری سے اترنے کے باوجود ریلوے حکام کی کوششوں سے اندرون ملک آنے جانے والی ٹرینوں کا آپریشن دو گھنٹے بعد بحال کر دیا گیا۔

حادثے کے وقت روہڑی ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہونے والی جعفر ایکسپریس کو واپس روہڑی اسٹیشن بلوا لیا گیا تھا جسے دوبارہ روانہ کر کے ڈاؤن ٹریک سے منزل پر روانہ کردیا گیا ہے۔

ریلوے ذرائع کے مطابق حادثے کے مقام پر ڈاؤن ٹریک سے ٹرینوں کی آمدورفت جاری رکھی جا رہی ہے، جس کے اوائل میں جعفر ایکسپریس کو ڈاؤن ٹریک سے جائے حادثہ کے قریب سے گزار کر روانہ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی سے اندرون ملک کے لیے روانہ ہونے والی لگ بھگ 10 ٹرینیں مختلف اسٹیشنوں پر روکی جا رہی ہیں جنہیں مرحلہ وار ڈاؤن ٹریک کے ذریعے جائے حادثہ سے گزار کر منزل پر رواں رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔