سائرہ بانو کی طبیعت میں بہتری، انجیوگرافی کی جائیگی، ڈاکٹرز

September 03, 2021

ممبئی (مانیٹرنگ دڈیسک)بولی وڈ کے لیجنڈری مرحوم اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو کی طبیعت میں بہتری آئی ہے اور ڈاکٹرز کے مطابق جلد ان کی انجیوگرافی کی جائے گی۔سائرہ بانو کو 5روز قبل بھارتی ریاست مہارا شٹر کے شہر ممبئی کے نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ بھارتی میڈیا کی ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ77سالہ سائرہ بانو کو بلڈ پریشر کے مسائل کی وجہ سے ہندوجا اسپتال منتقل کیا گیا تھا مگر یکم ستمبر کو ان کی طبیعت انتہائی ناساز ہوگئی، جس کی وجہ سے انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) منتقل کیا گیا۔اس حوالے سےبھارتی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا کہ سائرہ بانو کے رشتے دار نے بتایا کہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث انہیں ہندوجا اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ڈاکٹر نتن گوکھلے جو سائرہ بانو کا علاج کررہے ہیں، نے تصدیق کی ان کے دل کے بائیں حصے (وینٹریکل) کو نقصان پہنچا ہے اور ان کی انجیوگرافی کی جائے گی۔ڈاکٹر نے بتایا کہ سائرہ بانو کی صحت میں بہتری آئی ہے اور وہ ٹھیک ہیں، انہیں جلد ہی آئی سی یو سے وارڈ میں منتقل کردیا جائے گا۔ہندوجا اسپتال کے سینئر ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ اداکارہ کی حالت خطرے سے باہر ہے اور وہ ٹھیک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سائرہ بانو کی انجیوگرافی کی جائے گی، ہوسکتا ہے انہیں ڈسچارج کردیا جائے اور پھر دوبارہ اسپتال میں داخل کیا جائے۔ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ انجیوگرافی کے لیے پہلے ہمیں ان کی شوگر کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے۔قبل ازیں ان کی صحت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بولی وڈ اداکار دھرمیندر نے کہا تھا کہ چندروز قبل ان کی فون پر سائرہ بانو سے مختصر بات چیت ہوئی تھی۔دھرمیندر نے بتایا کہ ʼمیں نے انہیں کال کی تھی لیکن بات نہ ہوسکی جس کے بعد انہوں نے فون کیا اور بتایا تھا کہ وہ ٹھیک نہیں ہیں۔