سردار عطاء اللًّہ مینگل کی میت کراچی سے وڈھ روانہ

September 03, 2021

گزشتہ روز کراچی میں انتقال کر جانے والے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سرپرستِ اعلیٰ سردار عطاء اللّٰہ خان مینگل کی میت کراچی کے علاقے محمد علی سوسائٹی سے ان کے آبائی علاقے وڈھ، خضدار، بلوچستان روانہ کر دی گئی۔

سردار عطاء اللّٰہ مینگل کی نمازِجنازہ وڈھ کی مقامی مسجد میں بعد نمازِ جمعہ ادا کی جائے گی جس کے بعد مقامی قبرستان میں ان کی تدفین کی جائے گی۔

سردار عطاء اللّٰہ خان مینگل کی میت وڈھ روانہ کرنے سے قبل کراچی میں کار ساز پر واقع ان کی رہائش گاہ چلتن ہاؤس میں پارٹی کارکنوں اور قریبی عزیز و اقارب نے ان کا آخری دیدار کیا۔

آخری دیدار کے بعد سردار عطاء اللّٰہ خان مینگل کا جسدِ خاکی قافلے کی صورت میں آبائی علاقے وڈھ کے لیے روانہ کر دیا گیا۔

وڈھ میں عطاء اللّٰہ خان مینگل کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے عوام اور پارٹی کارکن راستے میں قافلے کا استقبال کریں گے۔

بی این پی نے سردار عطاء اللّٰہ مینگل کے انتقال پر 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، پارٹی کا پرچم بھی 40 روز تک سرنگوں رہے گا۔

بزرگ سیاستدان اور بلوچستان کے پہلے وزیرِ اعلیٰ سردارعطاء اللّٰہ مینگل بلوچ قومی تحریک کے سرخیل اور نواب اکبر خان بگٹی، نواب خیر بخش مری اور میر غوث بخش بزنجو کے ہم عصر سیاستدان تھے۔

سردار عطاء اللّٰہ مینگل 1929ء میں بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل وڈھ میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم ہائی اسکول بیلہ میں حاصل کرنے کے بعد ایچیسن کالج لاہور سے سینئر کمیبرج کیا، 1953ء میں انہیں شاہی زئی مینگل قوم کا سربراہ منتخب کیا گیا۔

سردار عطاء اللّٰہ مینگل نے 1962ء میں قومی اسمبلی کا انتخاب لڑا اور کامیابی حاصل کر کے رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہوئے، مگر سابق صدر ایوب خان کے خلاف تحریک چلانے کی پاداش میں انہیں گرفتار کر کے جیل بھجوا دیا گیا۔

جیل سے رہائی کے بعد انہوں نے نیشنل عوامی پارٹی کو منظم کیا، وہ ون یونٹ کے خلاف تھے، ون یونٹ کے خاتمے کے بعد 1971ء میں ہونے والے عام انتخابا ت میں نیشنل عوامی پارٹی نے جمعیت علمائے اسلام کے ساتھ مل کر حکومت بنائی۔

سردار عطاء اللّٰہ مینگل یکم مئی 1972ء کو بلوچستان کے پہلے وزیرِاعلیٰ بنے، لیکن 8 ماہ کے بعد 13 فروری 1973ء کو سردار عطاء اللّٰہ مینگل کی حکومت کا خاتمہ کر کے انہیں جیل میں پابندِ سلاسل کر دیا گیا۔

صدر ضیاء الحق کے دورِ حکومت میں سردار عطاء اللّٰہ مینگل پہلے امریکا پھر وہاں سے برطانیہ چلے گئے، جہاں انہوں نے سندھی بلوچ پشتون فرنٹ کے قیام میں حصہ لیا، 18 سال بعد 1996ء میں وہ وطن واپس آ گئے اور بی این پی کی بنیاد رکھی۔

سردار عطااللّٰہ مینگل کا فی عرصے سے پیرانہ سالی کی وجہ سے صاحبِ فراش تھے اور بیماری کے باعث گزشتہ 1 ہفتے سے کراچی کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔