کیویز پاکستان میں کھیلنے کیلئے پُرجوش، ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی جم کر پریکٹس

September 15, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیموں نے پہلے ون ڈے انٹر نیشنل سے قبل منگل کو بھی پنڈی میں جم کر پریکٹس جاری رکھی۔ کیوی ٹیم کے ہیڈ کوچ گلین پوکنال کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں وائٹ بال کرکٹ کھیلنے کی اچھی پریکٹس ہوئی جو پاکستان کے خلاف مددگار ثابت ہوگی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا پاکستان میں آنا بہت خوش آئند ہے اور ہم سیریز کے لیے پرجوش ہیں، پاکستان میں بنگلا دیش سے بہتر وکٹیں ہیں، پاکستان میں عمومی طور پر وکٹیں فلیٹ ہوتی ہیں، ٹریننگ سیشن میں معلوم ہوا کہ وکٹ پر فاسٹ بولر کو مدد ملے گی۔ کنڈیشن اور موسم سے ایڈجسٹ ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، فاسٹ بولرز کا کردار زیادہ نظر آرہا ہے، پاکستان میں اٹھارہ سال بعد آئے ہیں اور جیت کر جانا چاہتے ہیں۔ دو طرفہ سیریز میں کھلاڑیوں کا جوش و جذبہ کم نہیں ہوگا۔ دنیا بھر میں اب لیگ کرکٹ کا ہی زمانہ ہے، کھلاڑیوں کو سوچنا چاہیے کہ لیگ کھیلنی ہے یا ملک کے لیے کھیلنا ہے۔ ادھر پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹسمین سعود شکیل کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہم بے خوف اور جدید تقاضوں کے مطابق کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، سیریز میں بہتر کارکردگی کے لیے انفرادی اہداف بنائے ہوئے ہیں، اندازہ ہے کہ مڈل آرڈر بیٹسمین کی حیثیت سے زمہ داری زیادہ ہوگی ۔ منگل کو ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ٹریننگ سیشن میں دو سیشنز میں ٹریننگ سورج غروب ہونے اور اندھیرا چھانے کے درمیان کا وقت پریکٹس کے لیے بہت ضروری تھا، ہم اپنی فیلڈنگ پر خاص توجہ دے رہے ہیں۔ لیگ اسپنر عثمان قادر نے کہا کہ میچ ہو یا پریکٹس، کپتان بابر اعظم سے رہنمائی لیتا رہتا ہوں۔ ان سیشنز میں تمام لیگ اسپنرز، میں، شاداب خان اور زاہد محمود اجتماعی اہداف بنارہے ہیں بطور اسپنر ثقلین مشتاق کی موجودگی کا بھی فائدہ اٹھارہا ہوں۔ ہوم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔ ٹریننگ سیشن کے پہلے روز ہی سینٹر پچ پر پریکٹس میچ کھیلنا مفید رہا۔ (کھیلوں کی مزید خبریں صفحہ 2پر )