پاکستان نژاد سویڈش تاجر گل برادران کی جانب سے ایمازون طرز کا ویب پورٹل لاؤنچ

September 18, 2021

سٹاک ہوم(نمائندہ جنگ)سویڈن کی معروف پاکستانی کاروباری شخصیات گِل برادران کی جانب سے ای کامرس انڈسٹری میں ایک نئے سنگ میل کا آغاز ،جمشیدگِل اور ناصر گِل کا شمار ان کاروباری شخصیات میں ہوتا ہے جنہیں سویڈن کے بادشاہ کی جانب سے بہترین بزنس مین کا ایوارڈ دیا گیا، گِل برادران نے وقت کی موجودہ ضرورت کو مدِنظر رکھ کر ایک ایسے پورٹل کا آغاز کیا ہے جہاں ضروریاتِ زندگی کی ہر شے ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہو، پورٹل کی افتتاحی تقریب سفارتخانہ پاکستان برائے سویڈن و فِن لینڈ میں منعقد کی گئی، سفیرِپاکستان ڈاکٹر ظہور احمد نے پورٹل کا افتتاح کیا، تقریب میں سویڈن کی معروف کاروباری و سماجی شخصیات زبیرحسین، محمد سرور، کاشف عزیز بھٹہ، سردار تیمور عزیز، بلال مصطفیٰ سمیت دیگر نے شرکت کی۔ سفیرِپاکستان ڈاکٹر ظہور احمد کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سویڈن میں مقیم پاکستانی تاجروں کی جانب سے ہمیشہ پاکستان کے لئے مثبت پیش رفت کی گئی ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ گلِ برادران کی جانب سے مذکورہ پورٹل کا آغازنہ صرف پاکستانی برآمدات کے حجم کو بڑھائے گا بلکہ دنیا بھر کے تاجروں کے لئے یہ ایک ایسا مشترکہ پلیٹ فارم ہوگا جہاں وہ اپنے صارفین تک فوری رسائی حاصل کرسکیں گے۔ میڈیا بریفنگ کے دوران جمشید گِل کا کہنا تھا کہ دورِحاضر کی ڈیجیٹل مارکیٹس نے دنیا بھر کی تمام تر منڈیوں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر کھڑا کیاہے اس لئے ہم نے وقت کی اس ضرورت کے پیشِ نظر ایک ایسا پلیٹ فارم متعارف کروایا ہے جو کہ سستا اور معیاری ہو اور جس کی مدد سے دنیا بھرکے تاجر باآسانی اپنی مصنوعات کو صارفین تک بروقت پہنچا سکیں۔ ناصرگِل کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمارے ڈیجیٹل اسٹور کو ہم نے یورپ کے نو ممالک میں لاؤنچ کیا ہے مگر بہت جلد یورپ کے تمام ممالک میں اس سروس کو متعارف کرانے کے لئے ہم کوشاں ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ہم نےسویڈن سے سمیت یورپ کے دیگر ممالک میں اس پورٹل کے حوالے سے ویئرہاوسز قائم کئے ہیں جس سے صارفین تک ان کے آرڈر بروقت پہنچائے جاسکیں گے۔پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے سربراہان زبیر حسین اور محمد سرور نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈیجیٹل اسٹور اپنی نوعیت کا منفرد پورٹل ہے جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے تاجر اپنی مصنوعات کو فروخت کرنے کے لئے لسٹ کرواسکتے ہیں،ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا ادارہ ہر اس کاوش کو پروموٹ کرتا ہے جس سے پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا بھر میں متعارف ہوسکے، اس لئے ہم ہر ممکن کوشش کریں گے کہ گِل برادران کی جانب سے پیش کردہ پورٹل کی معلومات کو ہر پلیٹ فارم پر نشر کریں۔