لیجنڈ اداکار یوسف خان کی 12ویں برسی

September 20, 2021


لالی ووڈ انڈسٹری میں پانچ دہائیوں تک اپنی خدمات انجام دینے والے لیجنڈ اداکار یوسف خان کی آج بارہویں برسی ہے، انہوں نے اپنی ایکشن سے بھرپور اداکاری کے ذریعے نام پیدا کیا۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کا بڑا نام پنجابی سینما کے سُپر اسٹار یوسف خان 1929 میں فیروز پور میں پیدا ہوئے۔ 1954 میں فلم پرواز سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا۔

یوسف خان نے اداکاری تو اردو فلموں سے شروع کی لیکن شہرت پنجابی فلموں سے ملی، 1965ء میں اچھا شوکر والا کی فلم ملنگی میں یوسف خان کے کام کو بہت سراہا گیا۔

اداکار یوسف خان نے انڈسٹری کو ہمراہی، قسمت، ضدی، شریف بدمعاش،جنرل بخت خان اور بڈھاگجر سمیت کئی سپرہٹ فلمیں دیں۔ ان کی آخری فلم ہدایت کار سنگیتا کی فلم اتھرا تھی جو 2006 میں ریلیز ہوئی۔

یوسف خان کو 2004ء میں فنی خدمات کے اعتراف میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا، یوسف خان 78برس کی عمرمیں 20 ستمبر 2009 کو حرکت قلب بند ہو جانے سے انتقال کر گئے تھے۔ نوین علی جیونیوز لاہور۔