ایئر پورٹس کی ضمانت پر حکومت کا سکوک بونڈز کے اجرا کا فیصلہ

September 21, 2021

اسلام آباد (مہتاب حیدر) لاہور/اسلام آباد ایئرپورٹس کی ضمانت پر حکومت نے سکوک بونڈز کے اجرا کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے ذریعے 1 سے 1.5 ارب ڈالرز جمع کیے جائیں گے،اس حوالے سے وزارت خزانہ نے وزارت ایوی ایشن اور وزارت کمیونی کیشن سے این او سی لےلی ہے۔ جب کہ ماہر اقتصادیات ڈاکٹر حفیظ پاشا کا کہنا ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ رواں مالی سال کے دوران 12 سے 13 ارب ڈالرز تک پہنچ سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، آئندہ ماہ انٹرنیشنل بونڈ کی میچورٹی پر 1 ارب ڈالرز کی ادائیگی کرنے کے بعد حکومت نے سکوک بونڈ کے اجرا کا فیصلہ کیا ہے، جس کے ذریعے ایک سے ڈیڑھ ارب ڈالرز جمع کیے جائیں گے جو کہ لاہور اور اسلام آباد کے ایئرپورٹس کی ضمانتوں کے حامل ہوں گے۔ پی ٹی آئی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ اسلام آباد کو 13 اکتوبر، 2021 کو 5 سال کی میچورٹی پوری ہونے پر اسلامی سکوک بونڈ کی پرنسپل رقم کی مد میں 1 ارب ڈالرز کی ادائیگی کرنا ہے۔ اس بونڈ کا اجرا 2016 میں ن لیگ کی حکومت نے کیا تھا۔ اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ نئے اسلامی سکوک بونڈز کے اجرا کی تیاریاں جاری ہیں جس کے ذریعے آئندہ ڈیڑھ ماہ میں ایک سے ڈیڑھ ارب ڈالرز جمع کیے جائیں گے۔ جس کے لیے حکومت کے منظور شدہ ضمانتیں دو انٹرنیشنل ایئرپورٹس کی صورت میں ہوگی جس میں لاہور اور اسلام آباد کے ساتھ موٹروے کے مخصوص حصے شامل ہوں گے۔