عمران خان اپوزیشن میں حضرت عمر کی مثال دیا کرتے تھے، حافظ حمد اللّٰہ

September 21, 2021

اپوزیشن اتحاد ( پی ڈی ایم ) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ نے کہا ہے کہ عمران خان جب اپوزیشن میں تھے تو حضرت عمر کی مثالیں دیا کرتے تھے۔

ایک بیان میں حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ آج لوگ پوچھ رہے ہیں خان صاحب کو بیرون ملک سے کیا تحائف ملے؟

انہوں نے کہا کہ لیکن آج ریاست مدینہ جیسی مثالی ریاست قائم کرنے کی دعوے دار عمرانی سرکار وہ تفصیلات دینے سے صاف انکار کر رہی ہے۔

پی ڈی ایم ترجمان نے استفسار کیا کہ تحائف کو خفیہ قرار دینا رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کی خلاف ورزی تو نہیں؟

اُن کا مزید کہنا تھا کہ تحائف کے معاملے پر دو سابق وزرائے اعظم اور سابق صدر پر کیس ہیں۔

حافظ حمد اللّٰہ نے سوال کیا کہ کیا یہ ویسا ہی توشہ خانے کے تحائف کا معاملہ نہیں؟ کیا اس وقت ممالک کے ساتھ تعلقات متاثر اور ملکی وقار مجروح ہونے کا سوال نہیں تھا؟

انہوں نے سوال کیا کہ یہ قومی وقار تب مجروح ہوا، جب لاڈلے دیانتدار سے سوال ہوا؟

پی ڈی ایم ترجمان نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ الیکشن کمیشن جب انتخابی اصلاحات کے بارے سوالات پوچھتا ہے تو سرکار بھاگ جاتی ہے۔