افغانستان دہشت گردی پھیلانے کا ذریعہ نہ بنے، مودی

September 26, 2021

نیویارک(نیوزایجنسیاں)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ دنیا کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ افغانستان دہشت گردی پھیلانے کا ذریعہ نہ بنے، موجودہ دور میں دنیا کو انتہا پسند سوچ کا سامنا ہے۔

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب میں مودی کا کہنا تھا کہ بہت ضروری ہے کہ افغانستان کی سرزمین دوبارہ دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہیں بنے۔ بھارتی وزیراعظم نے مزید کہا کہ یقینی بنانا ہوگا کہ افغانستان دہشت گردی پھیلانے کا ذریعہ نہ بنے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی خواتین، بچوں اور اقلیتوں کو مدد کی ضرورت ہے اور ہم سب کو افغانستان کے لوگوں کی مدد کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر نیویارک اور وائٹ ہائوس کے باہر مودی مخالف نعرے گونجتے رہے۔

اقلیتوں پر زندگی اجیرن کرنے والے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا امریکا میں مظاہروں سے استقبال کیا۔ سکھوں اور کشمیریوں نے مودی کی آمد پر وائٹ ہاوس کے باہر احتجاج کیا۔ فضا مودی مخالف نعروں سے گونجتی رہی۔ مظاہرین کا کہنا تھا، اقلیتوں پر ظلم ڈھانے والے مودی کا دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر پیچھا کریں گے۔

امریکی صدرجوبائیڈن اور نائب صدرکمیلاہیرس سے ملاقات کے دوران مودی کو اس وقت خاصی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جمہوریت پرسوال اٹھایا۔