نوجوان ملک وقوم کے مستقبل کا اثاثہ ہیں ،موجودہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں تعلیم حاصل کرنا ناگزیر ہوگیا ہے، وزیر زکوٰۃ

September 27, 2021

پشاور ( جنگ نیوز )خیبر پختونخوا کے وزیر زکوٰۃ و عشر انوزیب خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت عوام کوتمام تر وسائل کی فراہمی کے ساتھ ساتھ تعلیم کو عام کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے کیونکہ تعلیم کے حصول کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، موجودہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں تعلیم حاصل کرنا ناگزیر ہوگیا ہے، تعلیم حاصل کرنا ہر بچے کاحق ہے، تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور دورافتادہ علاقوں میں تعلیم عام کرنا پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے گورنمنٹ پرائمری سکول ڈاگ قلعہ علیزئی ضلع باجوڑ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں دوسرے ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں کے ساتھ ساتھ قبائلیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھارہی ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کو تعلیم سے محروم نہ رکھیں کیونکہ یہی نوجوان ملک وقوم کے مستقبل کا اثاثہ ہیں جوپاکستان کی ترقی میں نہایت اہم کردار ادا کرسکتاہیں ۔