نیو کے سی آر کوئی نیا منصوبہ نہیں ، ریلوے ذرائع

September 27, 2021


ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں نیو سرکلر ریلوے (کے سی آر) کوئی نیا منصوبہ نہیں بلکہ یہ وہی ہے جو مسلم لیگ نون کے سابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے بنایا تھا، کے سی آر کے محض تیسرے فیز کو نیو کے سی آر کا نام دیا گیا ہے۔

جیو نیوز کو ریلوے کے سینئر حکام نے نام نہ لینے کی شرط پر بتایا کہ کراچی نیو سرکلر ریلوے منصوبہ کوئی نیا منصوبہ نہیں ہے،یہ کے سی آر کا وہی منصوبہ ہے جو سعد رفیق نے بنایا تھا ۔

ریلوے ذرائع کہتے ہیں کہ سنگ بنیاد وزیر اعظم عمران خان نے آج رکھا،جبکہ اس کا موجودہ وزیر داخلہ شیخ رشید نومبر 2020 میں افتتاح کرچکے ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ کے سی آر کے محض تیسرے فیز کو نیو کے سی آر کا نام دیا گیا ہے، تیسرے فیز کی بحالی کے سنگ بنیاد کی تقریب جلد بازی میں کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس فیز کی بحالی میں بہت سی رکاوٹیں ہیں، سندھ حکومت کے ساتھ مل کر بہت سے معاملات طے ہونا ابھی باقی ہیں۔