گوگل نے یورپی یونین کے جرمانے کیخلاف عدالت سے رجوع کرلیا

September 28, 2021

لکسمبرگ (اے ایف پی) گوگل نے یورپی یونین کے جرمانے کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔ گوگل کے وکیل نے عدالت کو بتایا ہے کہ اینڈروائیڈ سسٹم پر یورپی یونین کے الزامات بےبنیاد ہیں، صارفین گوگل مصنوعات کے پابند نہیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق، یورپی یونین کی جانب سے ریکارڈ اینڈرائیڈ جرمانے پر گوگل نے عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔ یورپی کمیشن نے 2018 میں گوگل پر 5 ارب ڈالرز (تقریباً 3 کھرب 69 ارب 22 کروڑ روپے) جرمانہ عائد کیا تھا۔ کیس کی سماعت یورپی یونین کی جنرل کورٹ میں ہورہی ہے، جو کہ یورپی یونین کی مارگریتھ ویسٹیگر کے لیے ٹیسٹ کیس ثابت ہوگا، جو پہلے ہی ٹیکسز کے حوالے سے ایپل اور آئرلینڈ کے خلاف اپیل ہار چکی ہیں۔ گوگل نے موقف اختیار کیا ہے کہ اینڈروائیڈ سسٹم پر یورپی یونین کے الزامات بےبنیاد ہیں کہ اس نے اپنے حریفوں کو اینڈروائیڈ سسٹم پر سرچ اور میپس پر بلاک کیا تھا۔ گوگل کے وکیل میری ڈیتھ پکفورڈ نے پانچ رکنی پینل کو بتایا کہ اینڈروائیڈ حقیقت میں کامیابی کی بہترین کہانی ہے۔ جب کہ گوگل کا موقف تھا کہ ایپل کی موجودگی میں یورپی یونین کا کیس درست نہیں ہے کیوں کہ ایپل واضح طور پر اپنی سروسز میں سفاری کو ترجیح دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کی ایپس ڈائون لوڈ کرنا ایک کلک پر ہوتا ہے اور صارفین اینڈروائیڈ پر گوگل مصنوعات کے کسی طور پر پابند نہیں ہیں۔ جب کہ یورپی یونین اور ان کے حامیوں کا ماننا ہے کہ گوگل نے فون بنانے والی کمپنیوں سے اس وقت کانٹریکٹس کیے تھے جب اینڈروائیڈ ابتدائی مراحل میں تھا تاکہ اپنے حریفوں کو پیچھے کیا جاسکے۔