آڑھتیوں،ذخیرہ اندوزوں کو قانون کے شکنجے میں لائیں گے،کمشنر

September 29, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ منڈیوں اور عام مارکیٹ میں سپلائی چین اور ریٹس کے میکنزم کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے،ذاتی مفادات کی خاطر مہنگائی کو ہوا دینے والے بڑے آڑھتیوں اور ذخیرہ اندوزوں کو قانون کے شکنجے میں لائیں گے،یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کے ہمراہ سبزی منڈی کے اچانک دورے کے موقع پر کی۔اس موقع پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے اشیاءخوردونوش کی سپلائی چین اور بولی چیک کی۔کمشنر نے ٹماٹر، پیاز، آلو اور فروٹس کی سپلائی کا بھی جائزہ لیا اور مارکیٹ کمیٹی کو انکی طلب و رسد کی مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ،ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے اس موقع پر کہا کہ بڑے منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے نیٹ ورک کو ٹریس کرلیا ہے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور ضلعی افسران مربوط پالیسی کے تحت پرائس میکنزم کو متوازی کررہے ہیں تاکہ مہنگائی میں یک طرفہ اضافہ نہ ہو۔