خیبرپختونخوامیں ای پروکیورمنٹ سسٹم جلد رائج کیا جائیگا،عاطف خان

September 29, 2021

پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی اور خوراک عاطف خان نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں ای۔ پروکیورمنٹ سسٹم کو متعارف کرا رہی ہے تاکہ پروکیورمنٹ کے روایتی سسٹم سے چھٹکارا حاصل کرکے ہر قسم کی بے قاعدگیوں کی روک تھام کی جا سکے اور شفافیت و میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخوا ای۔ پروکیورمنٹ سسٹم کی متعلق بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی تاج محمد ترند،سیکرٹری ایس ٹی آئی ٹی عنبر علی خان،خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر علی محمود اور یوایس ایڈ ٹیم سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا ای۔ پروکیورمنٹ سسٹم کے تمام پہلوؤں کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو عاطف خان کا کہنا تھاکہ ان تمام اصلاحات کا مقصد موجودہ پروکیورمنٹ کے رائج سسٹم میں موجود خامیوں کو دور کرنا ہے اور انکو ڈیجیٹائز کرکے پروکیورمنٹ کے طریقے کار کو آسان بھی بنانا ہے۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مجوزہ سسٹم پر عمل درآمد سے پہلے اس کو ہر طرح سے محفوظ بنایا جائے تاکہ بعد میں مسائل پیش نہ ہوں۔ انہوں نے اس موقع پر یہ ھدایات بھی دیں کہ مذکورہ سسٹم ٹائم فریم کے مطابق تکمیل تک بھی پہنچا جائے۔ دریں اثنا عاطف خان نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کی بھی صدارت کی اور کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو آئی ٹی سیکٹر میں ڈیجیٹل سکلز ٹریننگ اور دیگر کورسز پر خطیر رقم خرچ کر رہی ہے اور انکو روزگار کے قابل بنا رہی ہے۔