حکومت عمر شریف کا اسپتال بنانے کا مشن پورا کرے: شکیل صدیقی

October 02, 2021

سینئر اداکار شکیل صدیقی نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہوالدہ کے نام پر عمر شریف کا اسپتال بنانے کا مشن پورا کیا جائے۔

کامیڈین کنگ عُمر شریف کے انتقال پر شدید دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے شکیل صدیقی نے کہا کہ ہم نے جو بھی سیکھا عمر شریف سے سیکھا ہے جبکہبھارت میں جتنے بھی کامیڈین ہیں سب عمر شریف کو استاد مانتے ہیں۔

اداکار شکیل صدیقی نے کہا کہ عمر شریف کے لیے جو بھی کہا جائے وہ کم ہے، دنیا میں اسٹیج کو روشناس کرانے میں عمر شریف کا ہاتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمر شریف کی وجہ سے بہت سے اداکاروں کو دنیا میں پہچان ملی، جب تک کامیڈی رہے گی عمر شریف کی نقل ہوتی رہے گی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ عمر شریف کام کے معاملے میں بہت سخت تھے۔

واضح رہے کہ لیجنڈ کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔

اداکار عمر شریف 4 روز سے جرمنی کے اسپتال میں داخل تھے ، انہیں کراچی سے واشنگٹن علاج کیلئے پہنچایا جارہا تھا لیکن ناساز طبیعت کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں ہی داخل کردیا گیا تھا۔

لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔

خیال رہے کہ عمر شریف نے اپنے کیریئر کا آغاز 1974میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980 میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔

عمر شریف ٹی وی، اسٹیج اداکار، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں، انہوں نے اسٹیج و تھیٹر ناصرف ملک میں بلکہ سرحد پار بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔

انہوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامز میں پرفارم کیا۔