• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمر شریف کے انتقال سے لگتا ہے کہ ہمارے والد کا انتقال ہوگیا: رؤف لالا

کامیڈین کنگ عُمر شریف کے ساتھی کامیڈی اداکار رؤف لالا نے کہا ہے کہ عمر شریف کے انتقال سے لگتا ہے کہ ہمارےوالد کا انتقال ہوگیا۔

کامیڈین اداکار شکیل صدیقی نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف کو ہمیشہ بڑے بھائی کی طرح پایا۔

مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ آج بہت بڑے فنکار ہم سے جدا ہوگئے، عمر شریف مزاح کے ذریعے معاشرے کی اصلاح کرتے تھے۔

اُنہوں نے کہا کہ عمر شریف کو مدتوں یاد رکھا جائے گا، مرکزی اور سندھ حکومت نے عمر شریف کے علاج کے لیے بہت کچھ کیا۔

واضح رہے کہ لیجنڈ کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔

اداکار عمر شریف 4 روز سے جرمنی کے اسپتال میں داخل تھے ، انہیں کراچی سے واشنگٹن علاج کیلئے پہنچایا جارہا تھا لیکن ناساز طبیعت کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں ہی داخل کردیا گیا تھا۔

لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔

خیال رہے کہ عمر شریف نے اپنے کیریئر کا آغاز 1974میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980 میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔

عمر شریف ٹی وی، اسٹیج اداکار، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں، انہوں نے اسٹیج و تھیٹر ناصرف ملک میں بلکہ سرحد پار بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔

انہوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامز میں پرفارم کیا۔

تازہ ترین