• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عُمر شریف کے انتقال کی خبر نے دل توڑ دیا: فیصل قریشی

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے کامیڈین کنگ عُمر شریف کے انتقال پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔

فیصل قریشی نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر عُمر شریف کی یادگار تصویر شیئر کی جس کے کیپشن میں اُنہوں نے لکھا کہ ’ہمارے اپنے ہی کامیڈی بادشاہ عمر شریف کے انتقال کی افسوسناک خبر موصول ہونے پر دل ٹوٹ گیا ہے۔‘


اداکار نے لکھا کہ ’وہ ہماری انڈسٹری میں ایک حقیقی جوہر تھے اور ہمارے درمیان کسی لیجنڈ سے کم نہیں تھے۔‘

اُنہوں نے مرحوم کے لیے دُعا کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللّہ تعالی جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔‘

فیصل قریشی نے مزید لکھا کہ ’اس مشکل وقت میں، میری تمام دُعائیں عُمر شریف کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔‘

واضح رہے کہ لیجنڈ کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔

اداکار عمر شریف 4 روز سے جرمنی کے اسپتال میں داخل تھے ، انہیں کراچی سے واشنگٹن علاج کیلئے پہنچایا جارہا تھا لیکن ناساز طبیعت کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں ہی داخل کردیا گیا تھا۔

لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔

خیال رہے کہ عمر شریف نے اپنے کیریئر کا آغاز 1974میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980 میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔

عمر شریف ٹی وی، اسٹیج اداکار، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں، انہوں نے اسٹیج و تھیٹر ناصرف ملک میں بلکہ سرحد پار بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔

انہوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامز میں پرفارم کیا۔

تازہ ترین