طوفان ’شاہین‘ عمان سے 60 کلو میٹر دور رہ گیا

October 03, 2021


عمانی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق سمندری طوفان ’شاہین‘ عمان کے ساحل سے 60 کلو میٹر دوری پر ہے، مسقط سمیت عمان کے شمالی اور مشرقی علاقے آج شام کے وقت زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔

عمانی محکمہ موسمیات کے مطابق مسقط اور اطراف میں 50 سے 110 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے۔

عمانی سی اے اے کا کہنا ہے کہ طوفان 116 کلو میٹر فی گھنٹا رفتار کی ہواؤں کے ساتھ عمان کی جانب بڑھ رہا ہے، طوفان کے زیر اثر ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔

عمانی میڈیا کا کہنا ہے کہ طوفان کے زیر اثر مسقط اور نزدیکی ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ طوفان الباطینہ کے ساحلی علاقوں سے شام 5 سے 8 بجے کے درمیان گزرے گا۔

دوسری جانب خبر ایجنسی کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والا کیٹگری ایک کا سمندری طوفان شاہین آج عمان کے ساحلوں سے ٹکرائے گا۔

خبر ایجنسی کے مطابق طوفان کے باعث مسقط ایئرپورٹ پر آنے جانے والی پروازوں کے اوقات تبدیل کردیے گئے ہیں جبکہ مسقط ایئرپورٹ پر پروازوں کے اوقات میں تبدیلی آج شام سے تاحکم ثانی کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں عمانی حکام نے مسقط اور شمالی ساحلی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی ہے۔

عمانی قومی کمیٹی برائے ایمرجنسی مینجمنٹ نے عمان کے درالحکومت مسقط سے بھی لوگوں کے انخلا کا مطالبہ کیا ہے، تیل برآمد کرنے والے پچاس لاکھ لوگ مسقط کے آس پاس رہتے ہیں۔