پریانکا کی کزن میرا چوپڑا سے انٹیریئر ڈیزائنر کی بدکلامی، مقدمہ درج

October 12, 2021

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا کی کزن اور اداکارہ، میرا چوپڑا نے انٹیریئر ڈیزائنر راجندر دیوان کے خلاف ایف آئی آر درج کرواتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ راجندر دیوان نے ان سے بد کلامی کی اور انھیں ان کے گھر سے دھکے دے کر نکال دیا۔

بتایا جاتا ہے کہ راجندر ان کے اندھیری میں واقع نئے گھر کی تزئین و آرائش کررہا تھا۔

میرا چوپڑا نے کہا باوجود اس کے کہ وہ راجندر کو جانتی تک نہ تھیں انھوں نے اس کے ساتھ 17 لاکھ روپے کا معاہدہ کیا اور نصف رقم اسے ادا کردی، جس کے بعد انھیں ایک شوٹ کے لیے بنارس جانا تھا۔

بعد ازاں واپسی پر انھوں نے محسوس کیا کہ یہ غیر معیاری اشیا استعمال کررہا ہے اور جب اس سے بعض اشیا کی تبدیلی کے لیے کہا تو اس نے کام بند کرنے کی دھمکی دی اور دھمکیاں دینا شروع کردیں اور بعدازاں انھیں گھر سے دھکا دیکر نکال دیا۔

میرا کے مطابق آپ تصور کریں کہ انھوں نے مجھے میرے ہی گھر سے باہر نکال دیا اور جب اس نے اخراجات پر مبنی مزید بل کی ادائیگی کے لیے میسیج کیا تو میں نے اس سے انکار کردیا۔

میرا نے کہا کہ جب سے وہ ایف آئی آر کٹوانے پولیس اسٹیشن گئیں تب سے یہ غائب ہوگیا ہے اور اب مقدمے کے اندراج کو دو ماہ ہوگئے لیکن اس کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا ہے۔