فراڈ کیسز پر نیب دائرہ اختیار ختم ہونے کے بعد باضابطہ طور پر پہلا ریفرنس واپس

October 16, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) عوام سے فراڈ کے کیسز پر نیب کا دائرہ اختیار ختم ہونےکے بعد باضابطہ طور پر پہلا ریفرنس واپس کردیا گیا ہے، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آبادنےمضاربہ کیس میں ملزم عبداللہ کا کیس واپس احتساب عدالت بھجوا دیا۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد کامران بشارت مفتی نے احتساب عدالت کی جانب سے بھجوائے گئے مضاربہ کیس میں ملزم عبداللہ کا کیس واپس احتساب عدالت بھجوا دیا ہے۔

احتساب عدالت میں دائر ریفرنس کو ملزم کے وکیل کی درخواست پر نیب راولپنڈی کو واپس کردیا گیا جبکہ تفتیشی افسر کو 10 دن کے اندر متعلقہ عدالت میں کیس بھیجنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈسٹرکٹ کورٹ سے واپس احتساب عدالت کو بھجوائے جانے والے کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کامران بشارت مفتی کی عدالت سے جاری حکم نامہ میں کہاگیاہے کہ قانون کےمطابق احتساب عدالت کیس نیب کو واپس کرے، نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت دیکھے یہ کیس کسے بھیجنا ہے۔

اگر کیس پولیس کو بھیجا گیا توسیشن کورٹ میں پولیس تفتیشی رپورٹ دے گا، متعلقہ پراسیکیوشن برانچ ہی سیشن کورٹ کو کیس کی رپورٹ بھیج سکتی ہے،ابھی تک کیس کا تفتیشی افسر نیب سے ہی ہے۔