• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک روس فوجی دستوں کے درمیان فوجی مشقیں جاری

Military Exercises Underway Between Pakistan And Russia
پاکستان کو تنہا کرنے کی بھارتی خواہش پر پانی پھر گیا، پاکستان اور روس کے فوجی دستوں کے درمیان آج سے فوجی مشقوں کا آغاز ہوگیا، مشقوں میں روس کے ستر اور پاکستان کے ایک سو تیس فوجی حصہ لے رہے ہیں،دوستی 2016 ءکے نام سے ہونے والی مشقیں 10 اکتوبر تک جاری رہیں گی۔


پاکستان اور روس کے درمیان سفارتی اور معاشی تعلقات میں گرم جوشی کے بعد اب فوجی تعلقات میں بھی یہ ایک اہم اور مثبت موڑ ہے۔

پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں روسی فوجی پاکستانی فوجیوں کے ساتھ ملکر مشقیں کر رہے ہیں اور مشکل علاقوں میں جنگ کرنے کے پاکستانی فوج کے تجربات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

روس رواں سال 7 بین الاقوامی فوجی مشقوں کا حصہ ہو گا، جس میں سے پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں ہونے والی جنگی مشق اس لحاظ سے تاریخی حیثیت رکھتی ہے کہ یہ دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان ہونے والی پہلی مشترکہ جنگی مشق ہو گی۔

روس شنگھائی تعاون تنظیم میں شامل ملکوں اور بھارت کے ساتھ بھی جنگی مشقوں میں حصہ لے گا، روس نے پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم میں مستقل رکن کی حیثیت سے شمولیت کی بھی بھر پور حمایت کی تھی۔

2014ء میں روس نے پاکستان پر اسلحہ فروخت کرنے پر عائد پابندیوں کو ختم کر کے اسی سال نومبر میں دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعلقات کو مضبوط بنانے کےمعاہدے پر بھی دستخط کئے ، سال 2015 میں پاکستا ن اور روس نے ایک اہم دفاعی معاہدہ بھی کیا جس کے تحت روس نے پاکستان کو 4 ایم آئی 35 ہیلی کاپٹرز فروخت کئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 24 ستمبر سے شروع ہونے والی فوجی مشقیں 10 اکتوبر کو اختتام پزیر ہوں گی۔
تازہ ترین