• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی:مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کےساتھ بارش

Rain Started In Various Parts Of Karachi With Fast Wind

کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کےساتھ بارش شروع ہوگئی، بارش سے قبل تیز طوفانی ہوائیں چلنے لگیں۔

صدر، آئی آئی چند ریگر روڈ اور اولڈسٹی ایریا میں بھی تیز ہوائیں چلنا شروع ہوگئیں، شہر بھر کو گہرے کالے بادلوں نے گھیرے میں لے لیا، جس کے باعث کئی علاقوں میں حد نگاہ بھی کم ہوگئی۔

کراچی میں گلشن حدید، نیشنل ہائی وے، ملیر ،لانڈھی او رایئرپورٹ کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ہمراہ بارش سب سے پہلے شروع ہوئی جو تیز تر بارش میں تبدیل ہوگئی۔

اس کے بعدشیرپاؤکالونی، گلشن اقبال و گلشن معمار، نارتھ و نیو کراچی، فیڈرل بی ایریا، نارتھ ناظم آباد و ناظم آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی طوفانی ہواؤں کے جھکڑ چلنے لگے اور تیزبارش شروع ہوگئی۔

شدید کالی گھٹاؤں کی وجہ سے شہر کے متعدد علاقوں میں اندھیرا چھاگیا ہے اور بارش بتدریج زور پکڑ رہی ہے ۔

بارش شروع ہوتے ہی ایئرپورٹ اور ملحقہ علاقوں کی بجلی معطل ہوگئی، جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی بجلی کے تعطل کی اطلاع ہے۔

دوسری جانب عید کا تیسرا دن اور موسم خوشگوار ہونے کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد نے اس سے لطف اندوز ہونے کے لیے ساحل بالخصوص سی ویو کا رخ کیا ہے۔

گڈاپ میں تیز بارش کے باعث ندی نالے بھرنا شروع ہوگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہ سکتی ہے، شہر میں بارش کا سلسلہ جمعے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین