• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین پر حملوں کی ہرپہلو سے تحقیقات کررہے ہیں، آئی جی سندھ

Knife Attacks On Women Are Investigated Ig Sindh

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ شہر میں تیز دھار آلے سے حملوں کا مقصد خواتین میں خوف پیدا کرنا تھا،واقعات کی ہر پہلو سے تحقیقات کررہے ہیں۔

شہید بے نظیر بھٹو ٹریننگ سینٹر رزاق آباد میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ ہائیکورٹ نے واضح فیصلہ دیا اور جو ذمہ داریاں عدالت نے مجھے دیں وہ پوری کردی ہیں،میں نے عدالت کا سہارا نہیں لیا، سول سوسائٹی نے یہ کیس کیا تھا اور میں کیس میں مدعی نہیں تھا۔

اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ ایک آدمی کی غلطی کا خمیازہ پورے محکمے کو بھگتنا پڑتا ہے، پولیس کا کردار ایسا بنائیں گے کہ ہم سب اس پر فخر کریں گے، پولیس کا کام بہت مشکل ہے آپ پر بھاری ذمے داری ہے، پولیس اہلکاروں نے ذمے داری سے بھاگنا نہیں بلکہ ذمےداری کو گلے لگانا ہے۔

آئی جی سندھ نے پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ میرٹ پر بھرتی ہوئے ہیں، قوم پولیس اہلکاروں کی طرف دیکھتی ہے، آپ نےعوام کی امیدوں پر پورا اترنا ہے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی میں تیز دھار آلوں سے حملوں کا مقصد خواتین میں خوف پیدا کرنا تھا تاہم چھری مار واقعات میں ہر پہلو سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

تازہ ترین