• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی: پاکستان نے ریکارڈز کے انبار لگادیے

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں محمد رضوان اور بابر اعظم نے 152 رنز کی ناقابل شراکت بناکر پاکستان کو بھارت کیخلاف 10 وکٹ سے تاریخی فتح دلادی، اس فتح میں پاکستان کے کئی ریکارڈز بن گئے، بھارت کو بھی وہ سہنا پڑ گیا جو اس نے شاید کبھی سوچا بھی نہیں ہو۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت نے پاکستان کو جیت کیلئے 152 رنز کا ہدف دیا تھا، جو پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔

محمد رضوان نے 79 اور بابر اعظم نے 68 رنز بنائے اور پاکستان کو باآسانی فتح دلادی۔

یہ ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان کی بھارت کے خلاف پہلی فتح ہے، ساتھ ساتھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھارت پہلی مرتبہ 10 وکٹوں سے ہارا ہے، پاکستان بھی پہلی ہی مرتبہ ٹی ٹوئنٹیز میں کوئی میچ 10 وکٹوں سے جیتا ہے۔

بابر اعظم اور محمد رضوان نے پہلی وکٹ کیلئے 152 رنز کی ناقابل شکست شراکت بناکر بھارت کیخلاف کسی بھی ٹیم کی جانب سے کسی بھی وکٹ پر ٹی ٹوئنٹیز کی سب سے بڑی شراکت بنادی، اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن کے پاس تھا، دونوں نے 2012 میں بھارت کے خلاف 133 رنز کی شراکت بنائی تھی۔

یہ شراکت بھارت کیخلاف کسی بھی وکٹ پر پاکستان کی بہترین شراکت تو پہلے ہی بن چکی تھی جب دونوں ٹیم کے 107ویں رن کیلئے دوڑے، اس سے قبل 2012 میں حفیظ اور ملک نے 106 رنز کی شراکت چوتھی وکٹ پر بنائی تھی۔

یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلوں میں بھی کسی بھی وکٹ پر پاکستان کی سب سے بڑی شراکت ہے۔ اس سے قبل 2010 میں سلمان بٹ اور کامران اکمل نے بنگلہ دیش کیخلاف 142 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

اس اننگز کے دوران بابر اعظم نے سال 2021 میں 1500 ٹی ٹوئنٹی رنز بھی مکمل کرلئے ، وہ ایک کلینڈر سال میں 1500 ٹی ٹوئنٹی بنانے والے پاکستان کے دوسرے بیٹسمین ہیں، بابر اعظم نے 2019 میں 1607 رنز بنائے تھے۔

تازہ ترین