کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) سندھ میں ڈینگی کے بعد ملیریا کے کیسز میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ صحت سندھ نے رواں سال ستمبر تک صوبے میں ملیریا کے 87 ہزار 832 کیسز کی تصدیق کی ہے، یہ وہ کیسز ہیں جو رپورٹ ہوئے ہیں، رپورٹ نہ ہونے والے کیسز کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔ محکمہ کی جانب سے پورے سال ملیریا کے اعدادوشمار جاری نہیں کیے گئے ۔ جنگ کی جانب سے ملیریا کے کیسز کا ڈیٹا بارہا طلب کیا گیا جس پر محکمہ نے گزشتہ روزستمبر تک کے اعدادوشمار فراہم کیے تاہم ان اعداد و شمار میں ہلاکتوں کا ذکر نہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال حیدرآباد میں ملیریا کے 702کیسز، ٹنڈو الہہ یار میں 1199، مٹیاری میں 345، ٹنڈو محمد خان میں 6918، بدین میں 9416، خیرپور میں 1333، شہیدبینظیر آباد میں 757، نوشہروفیروز میں 349، میرپور خاص میں 4786، عمر کوٹ میں 12203، تھرپارکر میں 2393، سانگھڑ میں 392، شکار پور میں 863، گھوٹکی میں 374، جیکب آباد میں 1428، کشمور میں 683، لاڑکانہ میں 8579، قمبر میں 3977، دادو میں 927، جامشورو میں 635 جبکہ سجاول میں 8116 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اعدادوشمار کے مطابق سب سے زیادہ 20 ہزار 130 کیسز عمر کوٹ جبکہ سب سے کم 300کیسز سکھر میں رپورٹ ہوئے ۔کراچی سے حیرت انگیز طور پر صرف 1030 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں ضلع جنوبی کے 501، وسطی کے 111، غربی کے 115، شرقی کے 28،کورنگی کے151 اورضلع ملیر کے 124 کیسزشامل ہیں ۔