• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: دودھ نئی قیمت پر فروخت نہ ہو سکا، انتظامیہ بے بس


ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں دودھ کی فی لیٹر نئی سرکاری خوردہ (ریٹیل) قیمت 120 روپےمقر کر دی گئی ہے جبکہ یہ 140 روپے فی لیٹر میں ہی فروخت ہو رہا ہے۔

شہری انتظامیہ دودھ کی سرکاری نرخ پر فروخت کرانے میں بے بس نظر آ رہی ہے۔

دودھ کی نئی قیمت کا فیصلہ کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی زیرِ صدارت گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔

کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے دودھ کی نئی قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دودھ کی ڈیری فارمرز کی قیمت 105 اور تھوک قیمت 110 روپے فی لیٹر ہو گی۔

اجلاس میں ہر 3 ماہ بعد دودھ کی قیمت کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ سرکاری نرخ کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

نئی سرکاری ریٹیل قیمت 120 روپے مقرر ہونے کے باوجود کراچی میں دودھ کی سرکاری قیمتوں پر فروخت شروع نہیں ہو سکی، شہر میں دودھ 140 روپے فی لیٹر ہی فروخت ہو رہا ہے۔

دودھ کے ریٹیل دکانداروں کا کہنا ہے کہ ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمتوں میں کمی نہیں کی، جب تک نئی قیمت پر دودھ نہیں ملتا پرانی قیمت 140 روپے فی لیٹر میں بیچنے پر مجبور ہیں۔

تازہ ترین