کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی انتظامیہ نے دودھ کی فی لیٹر نئی قیمت مقرر کر دی ہے دودھ کی نئی خوردہ قیمت120روپے فی لیٹر ہوگی جبکہ دودھ کی ڈیری فارمرز کی قیمت 105 اور تھوک قیمت 110 روپے فی لیٹر ہوگی ۔کمشنر کراچی نے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے اس بات کا فیصلہ بدھ کو کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملیر کی سربراہی میں قائم جائزہ کمیٹی کی رپورٹ پر غور کیا گیا ۔ رپورٹ اور شرکا کی متفقہ رائے سے دودھ کی قیمت مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر نے کہا دودھ کی نئی قیمت فارمرز، ہول سیلرز اور ریٹیلرز کی مشاور ت سے دودھ کی پیداواری لاگت کا جائزہ لینے والی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں مقرر کی گئی فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری نرخ کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ اجلا س نے ہر تین ماہ بعد دودھ کی قیمت کا جائزہ لینے کا فیصلہ بھی کیا ۔