کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ اور ماضی کے عظیم اسپنر ثقلین مشتاق نے موجودہ دور کے بہترین بیٹسمین اور کور ڈرائیو کنگ بابر اعظم کو ایک اوور میں بارہ رنز بنانے کا چیلنج دیا لیکن بابر اعظم دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کی بولنگ پر تیسری ہی گیند پر اسٹمپڈ ہوگئے۔ پی سی بی نے دونوں کی ایک ویڈیو شیئرکی ہے۔ ثقلین مشتاق کے چیلنج کے بعدبابر اعظم ازراہ مذاق یہ کہتے رہے کہ ثقلین کی گھٹنوں میں درد ہے اور سینئر کا کچھ بھی احترام کرنا ہوگا۔ لیکن وہ ثقلین کو چوکا لگا نے میں بھی ناکام رہے۔ ثقلین مشتاق نے کہا کہ میں ٹی 20 نمبر ون کھلاڑی کوچیلنج کررہا ہوں۔ ثقلین مشتاق نے بابر اعظم کو فیلڈنگ کا بھی بتایا کہ انہوں نے کہاں کہاں کھلاڑی کھڑے کیے ہیں۔اس پر بابر اعظم نے کہا کہ مجھے چیلنج کے وقت عمر کا لحاظ کرنا ہے کہ نہیں۔ البتہ بعد میں انہوں نے ثقلین مشتاق کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دور کےبیسٹ اسپنر تھے، وہ ’دوسرا‘ بہت اچھا کرواتے ہیں۔ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ لیجنڈ ہیں۔