خیبر پختونخوا کی سٹی اور تحصیلوں کی 64 نشستوں میں سے 55 کا غیر سرکاری نتیجہ آگیا، نتیجے کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کو 50 تحصیلوں میں کامیابی ملی، تحریک انصاف کے امیدوار 13 تحصیلوں میں کامیاب ہوئے، آزاد امیدوار 9 اور اے این پی نے 6 تحصیلوں میں کامیابی سمیٹی، جبکہ مسلم لیگ (ن) 3 ، جماعت اسلامی 2 نشست، ٹی آئی پی اور پیپلز پارٹی ایک ایک نشست پر کامیاب ہوئیں۔
پہلے مرحلے میں سٹی اور تحصیل کونسل کی 66 نشستوں پر انتخابات ہونے تھے تاہم 66 میں سے 2 نشستوں پر انتخابات ملتوی ہوئے۔
بلدیاتی انتخابات میں حکمراں جماعت پی ٹی آئی کو کئی مقامات پر اپ سیٹ شکست ہوئی ہے، جبکہ بنوں کی تحصیل بکا خیل میں چیئرمین تحصیل کونسل کی نشست پر پولنگ نہیں ہوئی ، یہاں پولنگ اسٹیشن میں ہنگامہ آرائی کے بعد پولنگ ملتوی کردی گئی تھی۔
سٹی کونسل کی بھی ایک نشست ڈی آئی خان پر پولنگ نہیں ہوئی، یہاں اے این پی کے امیدوار کو قتل کیے جانے پر پولنگ ملتوی ہوئی، یعنی مجموعی طور پر تحصیل کونسلز کی 60 اور سٹی کونسلز کی 4 نشستوں پر انتخابات ہوئے۔
اب تک17 اضلاع کی 60 تحصیل کونسلز میں سے 52 کے نتائج سامنے آچکے ہیں جن میں سے 17 نشستیں جے یو آئی، 14 پی ٹی آئی اور 9 آزاد امیدواروں نے جیتیں جب کہ اے این پی نے 5، ن لیگ نے 3، جماعت اسلامی نے 2، پیپلزپارٹی اور تحریک اصلاحات پاکستان نے ایک ایک نشست حاصل کی۔
وزیراعظم عمران خان کی تحریک انصاف کو ہوم گراؤنڈ پر مولانا فضل الرحمان سے شکست کا سامناکرنا پڑگیا، کوہاٹ میں جے یو آئی ف کے امیدوار شیر زمان جیت گئے، پشاور اور بنوں میں مولانا فضل الرحمان کے امیدوار جیت گئے۔
بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 17 اضلاع کی 4 سٹی کونسلز میں سے 3 میں جے یو آئی اور ایک میں اے این پی کامیاب ہوئی ہے۔
خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کے شبلی فراز، شوکت یوسف زئی،عاطف خان اور شہرام تراکئی نے شکست تسلیم کرلی۔
بلدیاتی انتخابات میں شکست پر وزیر اعلیٰ محمود خان نے تحقیقات کرانے کا فیصلہ کرلیا
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست پر وزیر اعلیٰ محمود خان نے تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست کی وجوہات کی تحقیقات کرائی جائیں گی، پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی،اس سلسلے میں وزیراعلیٰ محمود خان جلد وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔
پارٹی بلدیاتی انتخابات کے معاملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے، معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف
معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی بلدیاتی انتخابات کے معاملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے، وجوہات کا جائزہ لیا جائے گا کسی کے بارے میں ثبوت ملے تو کارروائی ہوگی۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی کارکردگی اتنی بری نہیں ہے، بعض اضلاع میں پارٹی امیدوار کے آزاد حیثیت میں کھڑے ہونے سے نقصان ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں نے چیئرمین تحصیل کونسلز کی نشستیں جیتی ہیں، بونیر سمیت مختلف اضلاع میں پارٹی امیدواروں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں غلطیاں کیں اور ان کا خمیازہ بھگتا، وزیرِ اعظم عمران خان
وزیرِ اعظم عمران خان نے تسلیم کیا ہے کہ ان کی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبر پختون خوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں غلطیاں کیں اور ان کا خمیازہ بھگتا۔
ان کا کہنا ہے کہ غلط امیدواروں کا انتخاب ان غلطیوں کا کلیدی سبب تھا۔
خیبر پختونخوا کی 64 تحصیلوں میں ہوئے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پیش آئے چند اہم واقعات
خیبر پختونخوا کی 64 تحصیلوں میں ہوئے بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام ف کو واضح کامیابی ملی، تحریک انصاف دوسرے نمبر پر رہی جبکہ آزاد امیدوار تیسرے اور اے این پی چوتھے نمبر پر آئی۔
پیپلزپارٹی کا میئر پشاور کے انتخابات میں دھاندلی کا الزام
دوسری جانب پیپلزپارٹی نے میئر پشاور کے انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگا تے ہوئے کہا ہے کہ 22 پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 میں پی ٹی آئی امیدوار کے نتائج نہیں دیے گئے، پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر روبینہ خالد نے الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہناہے پیپلز پارٹی کی درخواست مل گئی ہے ، خیبر پختونخوا کنٹرول روم معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔
ویلج کونسل کے کامیاب امیدوار زکریا خان اپنی جیت کی خوشی میں ہوئی فائرنگ سے جاں بحق
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں خود کش دھماکے اور فائرنگ سے ویلج کونسل امیدوار زکریا خان سمیت 6 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پشاور میں جے یو آئی ایف کے ویلج کونسل امیدوار زکریا خان کی جیت کی خوشی میں کی گئی ہوائی فائرنگ سے وہ خود ہی جاں بحق ہوئے ہیں، تاہم تحقیقات کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔
ضلع خیبر بلدیاتی انتخابات کے دوران میدانِ جنگ بنا رہا
قبائلی ضلع خیبر بلدیاتی انتخابات کے دوران گزشتہ روز میدان جنگ بنا رہا، راکٹ حملے اور شدید فائرنگ، کوہاٹ کی تحصیل درہ آدم خیل میں مسلح افراد کا پولنگ اسٹیشن پر دھاوا، بیلٹ باکسز کو آگ لگا دی گئی جبکہ زخہ خیل اور لنڈی کوتل کے پولنگ اسٹیشنز پر مسلح افراد کے حملے،بیلٹ بکس توڑ دیے گئے،ہلڑ بازی سے بھگدڑ مچ گئی۔
وفاقی وزیر شبلی فراز کی گاڑی پر کوہاٹ سے واپسی پر درہ آدم خیل میں فائرنگ
وفاقی وزیر شبلی فراز پر کوہاٹ سے واپسی پر درہ آدم خیل پر فائرنگ کی گئی،انہوں نے بتایا کہ سیاہ جھنڈے اٹھائے چالیس پچاس افراد نے پہلے سیکیورٹی کی گاڑی پر حملہ کیا، سیکیورٹی کی گاڑی آگے نکلی تو فائرنگ کر دی،مسلح افراد نے تعاقب بھی کیا، یقین نہیں آتا اس صورت حال سے کیسے نکلے۔
انہوں نے کہاکہ یہ واضح نہیں ڈرائیور کو کیا چیز لگی، لیکن اپنی آنکھوں سے فائرنگ ہوتی ہوئی دیکھی ،جبکہ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی تصدیق کی کہ شبلی فراز کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی،پولیس حکام نے واقعے کو پتھراؤ کا نتیجہ قرار دے دیا۔
ڈی آئی جی کوہاٹ کے مطابق وفاقی وزیر کی گاڑی پر فاٹا انضمام کے مخالف مظاہرین نے پتھراؤ کیا۔